Live Updates

مریم نواز کی حکومت میں تمام ادارے آزاد اور خود مختار ہیں‘عظمیٰ بخاری

ہفتہ 23 اگست 2025 17:53

مریم نواز کی حکومت میں تمام ادارے آزاد اور خود مختار ہیں‘عظمیٰ بخاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2025ء) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ نو مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے جرائم کو مریم نواز کے کھاتے میں ڈالنے کی کوشش ایک مذموم پراپیگنڈا ہے،جس کا دل چاہتا ہے منہ اٹھا کر نو مئی کے مجرموں کے گناہ مریم نواز کے سر تھوپنے لگ جاتا ہے۔عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ پنجاب میں مریم نواز کی قیادت میں قانون کی حکمرانی قائم ہے۔

یہ عمران خان کی حکومت نہیں جہاں طے کیا جاتا تھا کہ کس کو اٹھانا ہے اور کس کو چھوڑنا ہے۔ یہ مریم نواز کی حکومت ہے جہاں تمام ادارے آزاد اور خودمختار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جو افراد نو مئی کے مقدمات میں نامزد اور قانون کو مطلوب ہیں، ان کا جیل جانا ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

قانون اشتہاریوں اور مفروروں کو پکڑنے کا پابند ہے، یہ کسی کی ذاتی خواہش نہیں بلکہ ریاستی ذمہ داری ہے۔

وزیر اطلاعات نے کورکمانڈر ہاؤس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کور کمانڈر کے یونیفارم کی توہین کرنے والے اب مظلومیت اور چار دیواری کا کارڈ کھیل رہے ہیں۔ کورکمانڈر ہاؤس بھی کسی کا گھر ہے، وہاں بھی چادر اور چار دیواری کی پامالی ہوئی۔ کیا چادر اور چار دیواری صرف تحریک انصاف کے کارکنوں کے لیے ہے، باقیوں کی کوئی عزت نہیں عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت انصاف، قانون اور آئین کے دائرے میں رہ کر ہر قدم اٹھا رہی ہے اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات