وزیراعظم نے اسلام آباد میں بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر کا افتتاح کیا ، آل صدر الائنس نے کراچی میں بھی قیام کا مطالبہ کردیا

ہفتہ 23 اگست 2025 21:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2025ء)آل صدر الائنس آف مارکیٹ اینڈ مال ایسوسی ایشنز کراچی کے صدر فہیم احمد نوری نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے اسلام آباد میں بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر کا افتتاح خوش آئند اور حوصلہ افزا اقدام ہے، تاہم کراچی جو کہ ملک کا سب سے بڑا تجارتی و معاشی حب ہے، وہاں بھی فوری طور پر بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر قائم کیا جانا نہایت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) میں رکن قومی اسمبلی اور اسٹینڈنگ کمیٹی برائے انڈسٹریز اینڈ پروڈکشن کے چیئرمین سید حفیظ الدین سے ملاقات کے دوران کہی۔فہیم احمد نوری نے مزید کہا کہ کراچی قومی معیشت میں سب سے زیادہ حصہ ڈالتا ہے اور ملک کی سب سے بڑی تجارتی سرگرمیاں یہیں ہوتی ہیں، اس کے باوجود یہاں کے تاجروں اور صنعتکاروں کو سہولتوں کی کمی کا سامنا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اسلام آباد کی طرز پر کراچی میں بھی بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر قائم کرے تاکہ کاروباری طبقے کو جدید سہولتیں اور آسانیاں میسر آسکیں۔