پنجاب حکومت کا 6 جدید آکوا بزنس حبز قائم کرنے کا فیصلہ

راولپنڈی، وزیرآباد، لاہور سمیت چھ شہروں میں مراکز دو سال میں مکمل ہونگے

ہفتہ 23 اگست 2025 22:04

پنجاب حکومت کا 6 جدید آکوا بزنس حبز قائم کرنے کا فیصلہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اگست2025ء) پنجاب حکومت نے ماہی پروری اور آبی کاروبار کو فروغ دینے کے لیے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے صوبے میں 6 جدید آکوا بزنس حبز قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ان مراکز کا مقصد نہ صرف ماہی پروری کی پیداوار میں اضافہ ہے بلکہ غذائی تحفظ کو بھی یقینی بنانا ہے۔پہلے مرحلے میں راولپنڈی، وزیرآباد، سرگودھا، لاہور، شیخوپورہ اور خانیوال میں آکوا بزنس حبز قائم کیے جائیں گے۔

منصوبے میں ہر مرکز پر 5 ارب روپے لاگت آئے گی جبکہ 2 سالہ مدت میں مرحلہ وار عملدرآمد ہوگا۔

(جاری ہے)

ہر مرکز میں جدید فِش ہچریز، فیڈ چین، پروسیسنگ یونٹس اور کولڈ اسٹوریج شامل ہوں گے۔اس کے علاوہ ویلیو ایڈیشن یونٹس، ریسرچ سینٹرز اور تربیتی مراکز بھی قائم کیے جائیں گے۔ حکام کے مطابق ان آبی منصوبوں سے ماہی پروری کے شعبے میں نئی جدت آئے گی، مقامی کسانوں کو تربیت و سہولیات ملیں گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر یہ اسکیمیں صوبائی بجٹ میں شامل کی جا رہی ہیں تاکہ جلد از جلد عملی شکل دی جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب میں 16 سے زائد اقسام کی مچھلیاں کامیابی سے پالی جا سکتی ہیں اور یہ مراکز ان کی افزائش کے لیے نہایت موزوں ثابت ہوں گے۔