سیکورٹی خدشات، کراچی سے کوئٹہ جانے والی بولان میل کو جیکب آباد میں روک دیا گیا

ہفتہ 23 اگست 2025 20:50

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2025ء) سیکورٹی خدشات، کراچی سے کوئٹہ جانے والی بولان میل کو جیکب آباد میں روک دیا گیا، مسافر شدید مشکلات کا شکار، خواتین، بچے اور بزرگ گرمی میں بے حال۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق کراچی سے کوئٹہ جانے والی بولان میل کو جیکب آباد ریلوے اسٹیشن پر روک دیا گیا جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ریلوے حکام کے مطابق ٹرین کو سکیورٹی وجوہات کی بناپر عارضی طور پر روکا گیا ہے بولان میل کے اچانک رکنے سے اسٹیشن پر بدنظمی کی صورتحال پیدا ہوگئی شدید گرمی کے باعث خواتین، بچے اور بزرگ مسافر بے حال ہوگئے جبکہ پانی اور دیگر بنیادی سہولتوں کی کمی کی وجہ سے مسافروں کی مزید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ مسافر متبادل سواریوں کے ذریعے اپنی منزل کی جانب سے روانہ ہوگئے ریلوے حکام کے مطابق جیکب آباد سے کوئٹہ تک کا کرایہ مسافروں کو ریفنڈ کردیا گیا ہے جبکہ بولان میل پہلے ہی 5 گھنٹے تاخیر کا شکار تھی جس کے باعث اسے مزید آگے روانہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیاریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ سیہون سے حبیب کوٹ تک ریلوے ٹریک خراب ہے جس کی وجہ سے ٹرین تاخیرسے پہنچی ہے دوسری جانب مسافروں نے ریلوے حکام کے اس اقدام پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئے روز سکیورٹی خدشات کے نام پر ٹرین روک دینا ناانصافی ہے ، مسافروں کا کہنا تھا کہ بغیر پیشگی اطلاع کے ٹرین معطل کرنے سے سخت تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، مسافروں نے وفاقی وزیر ریلوے سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے، ٹرینوں کی تاخیر ، ٹریک کی مرمت اور سکیورٹی کے موثر اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ مسافروں کو روزانہ کی بنیاد پر پیش آنے والی مشکلات سے نجات مل سکے۔