پاکستان کی جانب سے غزہ کیلئے امدادی سامان کی کھیپ العریش ایئرپورٹ پہنچ گئی،پاکستانی سفارت خانہ کے حکام نے امدادی سامان کی کھیپ مصر کی ہلال احمر سوسائٹی کے حوالے کی

ہفتہ 23 اگست 2025 21:50

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی الخدمت فاؤنڈیشن کے اشتراک سے غزہ کے برادر عوام کے لیے انسان دوستی کی بنیاد پر بھجوائی گئی امدادی سامان کی کھیپ مصر میں العریش انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئی۔پاکستان سے ایک چارٹرڈ ہوائی جہاز پر100 ٹن پر مشتمل امدادی سامان بھجوایا گیا جو ہفتہ کو مصر کے العریش انٹر نیشنل ایئرپورٹ پہنچ گیا ہے۔

(جاری ہے)

قاہرہ میں پاکستانی سفارت خانہ کے حکام نے امدادی سامان کی کھیپ وصول کی اور غزہ کے اندر فلسطینی شہریوں کو بھیجنے کے لیے مصر کی ہلال احمر سوسائٹی کے حوالے کر دی۔ پاکستان کی حکومت اور عوام اپنے فلسطینی بھائیوں کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن جیسے فلاحی اداروں کے تعاون سے انسان دوست امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے غزہ کے مکینوں کو اب تک فراہم کی گئی کل انسان دوست امداد 1915 ٹن تک پہنچ چکی ہے۔ امدادی سامان کی مزید ایسی کئی کھیپ راستے میں ہیں اور آنے والے دنوں میں غزہ کے متاثرین تک پہنچ جائیں گی۔