اسلام آباد ٹریفک پولیس کا اجلاس، سی ٹی او کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں کا کرپشن فری ادارہ بنانے کا عزم

Muhammad Bilal Abbasi محمد بلال عباسی جمعرات 28 اگست 2025 15:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اگست2025ء) ٹریفک پولیس کے چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ہیڈ کوارٹر اور لائسینسنگ برانچ کے عملے نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سی ٹی او کو عوامی سہولیات اور سروس ڈلیوری کے معیار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ شہریوں سے خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ رویہ اختیار کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے آنے والے افراد کو زیادہ سے زیادہ آسانیاں فراہم کی جائیں اور لائسنس کا اجراء صرف اور صرف میرٹ پر کیا جائے، اس حوالے سے کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سی ٹی او نے تمام رش والے پوائنٹس کی نشاندہی کرنے اور وہاں خصوصی اقدامات کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے جبکہ ڈیوٹی پر موجود جوانوں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام اسٹاف کی مشترکہ کاوشوں سے کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دیا جائے، شہریوں کے تعاون کے بغیر ٹریفک نظام مؤثر نہیں ہو سکتا۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس کو کرپشن فری ادارہ بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کرپشن میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کا اعلان کیا۔ سی ٹی او نے آئی ٹی پی ریڈیو ایف 92.4 کو مزید فعال کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ شہریوں کو لمحہ بہ لمحہ ٹریفک کی صورتحال سے آگاہ رکھا جا سکے اور شکایات پر فوری رسپانس یقینی بنایا جائے۔