پاکستان کے 765 کے وی مانسہرہ سب اسٹیشن میں پہلا ٹرانسفارمر نصب کر دیا گیا

جمعرات 28 اگست 2025 18:03

مانسہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء) پاکستان کے پہلی765 کے وی مانسہرہ سب اسٹیشن کے پہلے 220 کے وی مین ٹرانسفارمر کی تنصیب کامیابی سے مکمل ہو گئی ہے، منصوبے سے وابستہ حکام کے مطابق یہ پیشرفت تعمیراتی مراحل میں ایک اہم سنگِ میل ہے،یہ سب اسٹیشن، جو پاور چائنا کے زیرِ اہتمام تعمیر کیا جا رہا ہے، پاکستان کا پہلا 765 کے وی اور اب تک کا سب سے زیادہ وولٹیج والا منصوبہ ہے۔

گوادر پرو کے مطابق منصوبے کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ ٹرانسفارمر کی تنصیب سے سول ورک کے تکمیل کے قریب پہنچنے کا عندیہ ملتا ہے اور اب دیگر اہم سازوسامان کی تنصیب کے مراحل شروع کیے جائیں گے۔ تنصیب کا عمل چینی ماہرین کی ریموٹ ٹیکنیکل رہنمائی اور مقامی عملے کی براہِ راست نگرانی میں مکمل کیا گیا، تاکہ کام کی درستگی اور حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق، تنصیب کے دوران سازوسامان کی تیاری، نقل و حمل اور موقع پر تنصیب کے تمام مراحل میں غیر معمولی احتیاط برتی گئی، تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔ گوادر پرو کے مطابق واضح رہے کہ یہ منصوبہ اگست 2026 تک مکمل ہونے کی توقع ہے اور اسے صاف توانائی کی ترسیل کے لیے ایک اہم مرکز تصور کیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سب اسٹیشن کی تکمیل سے نہ صرف ملک میں بجلی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ گرڈ سسٹم کی استعداد بھی بہتر ہوگی، جس سے ملکی معیشت اور علاقائی ترقی کو فروغ ملے گا۔