Live Updates

وزیراعلیٰ مریم نواز کا دریائے راوی کا دورہ، سیلابی جائزہ

جمعرات 28 اگست 2025 21:56

وزیراعلیٰ مریم نواز کا دریائے راوی کا دورہ، سیلابی جائزہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اگست2025ء)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دریائے راوی کا دورہ کیا اور سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے کشتی میں سوار ہوکر شاہدرہ کے مقام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری بھی ہمراہ تھیں۔ موجود حکام کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کو سیلابی صورتحال پر بریفنگ بھی دی گئی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے تینوں دریاؤں میں پانی کا شدید دباؤ ہے۔ انتظامیہ اور ریسکیو اداروں نے بھرپور کام کیا، بروقت اقدامات نہ ہوتے تو سیلاب سے تباہی کہیں زیادہ ہوتی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے مختلف حصوں میں موسلادھار بارشیں ہوئیں لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل سے بڑے نقصان سے محفوظ رہے۔

(جاری ہے)

انتظامیہ نے 50 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا، جبکہ گجرات، نارووال اور سیالکوٹ میں صورتحال زیادہ سنگین رہی۔

واضح رہے کہ دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جہاں پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 74 ہزار کیوسک سے تجاوز کر چکا ہے۔ جسڑ کے مقام پر بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 28 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا جبکہ بلوکی بیراج پر بھی اونچے درجے کے سیلاب کے باعث پانی کی سطح میں اضافہ جاری ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات