Live Updates

چناب دریا سے بلوچستان کی جانب 15 لاکھ کیوسک پانی کے اخراج کے بعد ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر بلوچستان حکومت متحرک

جمعرات 28 اگست 2025 19:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء) چناب دریا سے پنجاب کے راستے بلوچستان کی جانب 15 لاکھ کیوسک پانی کے اخراج کے بعد ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر بلوچستان حکومت متحرک ہو گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی اور چیف سیکرٹری شکیل قادر کی خصوصی ہدایت پر ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیاجس کی صدارت سینئر صوبائی وزیر میر محمد صادق خان عمرانی نے کی۔

اجلاس میں سیکرٹری آبپاشی صالح ناصر، چیف انجینئر کینال ناصر مجید، سپرنٹنڈنگ انجینیئر ایریگیشن سرکل نصیرآباد ڈویڑن غلام سرور بنگلزئی اور دیگر متعلقہ افیسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں چناب سے آنے والے بڑے سیلابی ریلے کے ممکنہ اثرات اور حفاظتی اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔حکام نے اجلاس کو بتایا کہ چناب دریا سے اخراج ہونے والے 15 لاکھ کیوسک پانی کا بڑا ریلہ آئندہ چند روز میں بلوچستان کے علاقوں میں داخل ہو سکتا ہے، جس کے پیش نظر نہری نظام، حفاظتی بند، اور کمزور مقامات کی نگرانی سخت کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر میر صادق عمرانی نے کہا کہ تمام ضلعی انتظامیہ، آبپاشی، اور ریسکیو ادارے ہائی الرٹ پر رہیں، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھیں۔ انہوں نے بین الصوبائی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ پنجاب سے پانی کی روانی سے متعلق بروقت معلومات کا تبادلہ ممکن ہو سکے۔بلوچستان حکومت کی جانب سے ممکنہ متاثرہ علاقوں میں ابتدائی اقدامات، ایمرجنسی پلاننگ، اور عوام کو پیشگی اطلاع دینے کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات