وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے جاپان بینک برائے بین الاقوامی تعاون کے ڈائریکٹر جنرل برائے مائننگ و میٹلز فنانس تارو کاٹو کی قیادت میں وفد کی ملاقات، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال

جمعرات 28 اگست 2025 23:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اگست2025ء) وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے جاپان بینک برائے بین الاقوامی تعاون (جے بی آئی سی) کے ڈائریکٹر جنرل برائے مائننگ و میٹلز فنانس تارو کاٹو کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد پاکستان کے معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانا تھا بالخصوص ریکو ڈک کے تاریخی منصوبے پر زور دیا گیا۔

جمعرات کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے پاکستان میں جاپانی دلچسپی پر دلی شکرگزاری کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم جاپان کی پاکستان کی معاشی صلاحیت پر اعتماد اور سرمایہ کاری میں دلچسپی پر بے حد شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معدنیات کا شعبہ نمایاں ترقی کر چکا ہے اور ہم اسے ملکی معیشت کا ایک اہم ستون بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت پاکستان اس منصوبے کے لیے وفاقی اور صوبائی دونوں سطحوں پر غیر مشروط تعاون فراہم کرے گی، یہ یکجہتی بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے ایک ہموار اور معاون ماحول کو یقینی بناتی ہے۔ انہوں نے جے بی آئی سی کی جانب سے ریکو ڈک منصوبے کے قرض دہندہ گروپ میں شامل ہونے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ یہ منصوبہ ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ صرف ایک معاشی منصوبہ نہیں بلکہ پاکستان میں ذمہ دار اور پائیدار کان کنی کے لیے ایک معیار قائم کرے گا جو آنے والے کئی عشروں تک قابل تقلید ہوگا۔ وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے حکومت کی وسیع تر حکمت عملی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم تمام ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں اور اپنے معدنیاتی فریم ورک کو ہم آہنگ کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں، ہمارا ہدف سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنانا اور پاکستان کو بین الاقوامی سرمایہ اور مہارت کے لیے ایک اولین ترجیح بنانا ہے۔

تارو کاٹو نے بھی مثبت جذبات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہتر ماحول کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جاپانی سرمایہ کاروں کی پاکستان کی مارکیٹ میں دلچسپی میں اضافہ ہوا ہے، جے بی آئی سی اس مثبت رجحان کو مزید فروغ دینے اور ہمارے تعاون کو صرف مائننگ ہی نہیں بلکہ توانائی کے مجموعی شعبے میں وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ جے بی آئی سی کے مشرق وسطیٰ کے لیے چیف نمائندے کینچیرو کتامورا نے اعلیٰ سطحی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ایسی ملاقاتیں اور مکالمے نہایت قیمتی ہوتے ہیں، یہ جاپانی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان کے بارے میں مثبت تاثر بنانے میں مدد دیتے ہیں، اعتماد قائم کرتے ہیں اور باہمی فائدہ مند شراکت داریوں کی راہ ہموار کرتے ہیں۔ ملاقات کا اختتام اس مشترکہ عزم کے ساتھ ہوا کہ پاکستان کے قدرتی وسائل کو ذمہ داری اور منافع بخش طریقے سے بروئے کار لانے کے لیے جاپانی مالیاتی و تکنیکی مہارت سے قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا۔