گلستان معذورین کے لئے آفس کی مستقل جگہ فراہمی کی کوشش کی جائے گی،سمیرا بلوچ

جمعہ 29 اگست 2025 16:40

میرپورخاص (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) حکومت سندھ کے ڈپارٹمنٹ آف امپاورمنٹ آف پرسنز وتھ ڈس ایبیلیٹیز (ڈی ای پی ڈی) اور میرپورخاص اسپیشل اسپورٹس اینڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن گلستان معذورین کے اشتراک سے مقامی بینکوئیٹ میں افراد باہم معذورین میں اسسٹنس ڈیوائسز کی تقسیم کے پروگرام کا انعقادکیا گیا جس میں وہیل چیئرز، ٹرائی سائیکلیں، واکر، اسٹک و دیگر آلات تقسیم کئے گئے۔

اس موقع پر ڈپٹی میئر سمیرا بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افراد باہم معذورین کی فلاح و بہبود کے ادارے ایم ایس ایس ڈبلیو اے، گلستان معذورین کے لئے آفس کی مستقل جگہ فراہمی کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے حکومت سندھ ، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور محکمہ ڈی ای پی ڈی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایم ایس ایس ڈبلیو اے، گلستان معذورین سے تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے میونسپل کارپوریشن میرپورخاص اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور ادارے کے سرپرست آفاق احمد خان، بانی رکن لعل بلوچ، قمرالدین ملک اور صلاح الدین کی کاوشوں کو سراہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آفاق احمد خان، جاوید رئیس، لعل بلوچ اور قمرالدین ملک نے کہا کہ افراد باہم معذورین کی جدوجہد کے نتیجے میں بلدیاتی انتخابات میں اسپیشل افراد کے لئے مخصوص نشستیں رکھی گئیں جس کی وجہ سے بلدیاتی اداروں میں اسپیشل افراد اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بہت جلد قومی و صوبائی اسمبلیوں میں بھی اسپیشل افراد کے لئے مخصوص نشستیں رکھی جائیں گی جس سے اسپیشل افراد کی زندگیوں میں انقلابی تبدیلیاں آئیں گی۔ انہوں نے معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور میرپورخاص اسپیشل اسپورٹس اینڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن سے تعاون کرنے پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور محکمہ ڈی ای پی ڈی کے سیکریٹری طٰحہ فاروقی کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو فیصل سومرو، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈی ای پی ڈی حسن علی لغاری(پرنسپل اسپیشل ایجوکیشن)، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈی ای پی ڈی سرور علی، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر زوہیب خانزادہ، ڈی ایس پی اسلیم جاگیرانی، صدر انجمن تاجران انیس الرحمٰن، نامزد ستارہ امتیاز برائے سال 2026ءصدر ڈی ڈبلیو اے کراچی جاوید رئیس،لعل محمد بلوچ ،قمرالدین ملک اور سماجی رہنما محمد بخش کپری نے بھی خطاب کیا۔ \378