کمرشل اور تعلیمی اداروں کی گاڑیوں میں گیس سلنڈر لگانے پر پابندی، خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی، ڈپٹی کمشنر اٹک

جمعہ 29 اگست 2025 17:00

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا نے کہا ہے کہ کمرشل اور تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات کو لانے والی گاڑیوں میں گیس سلنڈر لگانے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی اور ایسی ٹرانسپورٹس کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وہ ضلعی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انیل سعید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و پلاننگ نوشین اسرار، سیکرٹری آر ٹی اے سردار ظہیر احمد خان، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور دیگر متعلقہ افراد شریک تھے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹریفک پولیس نے یکم تا 31 جولائی 16631 چالان کیے، جبکہ 18 غیر قانونی پٹرول پمپس سیل اور ایک لاکھ 48 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

(جاری ہے)

غیر قانونی گیس سلنڈروں کی فروخت کے خلاف کارروائی میں اب تک 45 دکانیں سیل اور 2 لاکھ 10 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ ایرانی پٹرول کی اسمگلنگ کے خلاف 10 دکانوں کو سیل جبکہ سترہ ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔انسداد تجاوزات مہم میں 620 کارروائیاں کی گئیں اور ایک لاکھ 40 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ انسداد بجلی چوری مہم کے دوران 59 غیر قانونی کنکشن پکڑے گئے، 30 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد اور 46 افراد گرفتار کیے گئے۔ انسداد گداگری مہم میں 23 افراد کو حراست میں لیا گیا۔