ایشیا کپ سر پر، بھارتی ٹیم کو تاحال جرسی کیلئے اسپانسر نہ مل سکا

ایشیا کپ سے چند روز قبل نیا اسپانسر ڈھونڈنا ایک مشکل مرحلہ ہے،بھارتی بورڈ کا اعتراف

جمعہ 29 اگست 2025 23:33

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء)بھارتی میڈیا نے ایشیا کپ 2025 کیلئے بھارتی ٹیم کے بغیر اسپانسر جرسی کھیلنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کی ایمرجنسی ایپکس کاؤنسل میٹنگ کے دوران بھارتی ٹیم کی جرسی کیلئے نئے اسپانسر کا معاملہ زیر بحث آیا جس دوران بورڈ نے اعتراف کیا کہ ایشیا کپ سے چند روز قبل نیا اسپانسر ڈھونڈنا ایک مشکل مرحلہ ہے۔

اس کے برعکس بھارتی کرکٹ بورڈ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2027 تک اسپانسر بنانے کا منصوبہ بنائے ہوئے ہے لہٰذا ایشیا کپ 2025 میں بھارتی ٹیم کے بغیر اسپانسر کی جرسی کے ساتھ کھیلنے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کی اسپانسر کمپنی ڈریم 11 نے نئے گیمنگ بل کے پاس ہونے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ سے اپنا معاہدہ ختم کردیا تھا ، اس معاہدے کے خاتمے سے بی سی سی آئی کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

(جاری ہے)

بھارت کی پارلیمنٹ نے آن لائن گیمز سے متعلق بل پروموشن اینڈ ریگولیشن آف آن لائن گیمنگ بل 2025 منظور کیا تھا جس کے تحت رقم کی لین دین پر مبنی آن لائن گیمز پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔اس بل کے بعد جہاں گیمنگ انڈسٹری کو دھچکا لگاوہیں انڈین کرکٹ ٹیم کی اسپانسر کمپنی ڈریم 11 نے بھی بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی سے اپنا معاہدہ کرنے کا اعلان کردیا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ڈریم 11 کی جانب سے معاہدہ ختم کرنے کے بعد بی سی سی ا?ئی کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوگا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی اور ڈریم 11 کے درمیان اسپانسرشپ معاہدہ سال 2023 میں ہوا تھا جو 2026 تک جاری رہنا تھا اور اس معاہدے کی مالیت44 ملین ڈالر تھی۔