Live Updates

سیلاب زدگان کیلئے امدادی کرکٹ میچ، کاروباری شخصیت عاطف حلیم کا ایک لاکھ روپے کے ٹکٹ خرید کر یتیم بچوں کو میچ دیکھنے کیلئے عطیہ کرنے کا اعلان

جمعہ 29 اگست 2025 20:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) سیلاب زدگان کےلیے امدادی کرکٹ میچ کے سلسلے میں پشاور کی تاجر برادری نے مثال قائم کر دی۔ کاروباری شخصیت عاطف حلیم نے ایک لاکھ روپے کے ٹکٹ خرید کر یتیم بچوں کو میچ دکھانے اور گراؤنڈ لانے کا اعلان کر دیا جبکہ کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا ہے کہ میچ کے انعقاد سے نہ صرف سیلاب زدگان کی مدد کی جاسکے گی بلکہ عوام کو بھرپور تفریح میسر آئے گی، میچ کے انعقاد سے آئندہ سال پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )کے میچ پشاور میں منقعد کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔

اس حوالے سے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت 30 اگست کو ہونے والے قومی کرکٹرز پر مشتمل چیرٹی ٹی ٹوینٹی کرکٹ میچ کی ٹکٹوں کی فروخت اور زیادہ سے زیادہ فنڈز اکھٹا کرنے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس ڈاکٹر تاشفین حیدر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل پشاور بابر تنولی ایس ایس پی آپریشنز مسعود احمد جبکہ تاجر برادری کے نمائندوں اور معروف کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا کہ صوبائی حکومت سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے پہلے ہی سے 6 ارب روپے سے زیادہ رقم مختص کر چکی ہے تاہم وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی خواہش ہے کہ عوام کو تفریح مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی امدادی سرگرمیوں میں شریک کیا جاسکے جس کےلیے پشاور میں 19 سال بعد قومی کرکٹرز پر مشتمل کرکٹ میچ کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر تاجر برادری نے چیرٹی کرکٹ میچ میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے میچ کے ٹکٹ کا بڑا حصہ خریدنے کا اعلان کیا۔ بیشتر تاجروں اور معروف کاروباری شخصیات نے موقع پر بڑی تعداد میں ٹکٹ خرید کر موقع پر ہی ادائیگی کی۔ کاروباری شخصیت عاطف حلیم نے ایک لاکھ روپے کے ٹکٹ خرید کر سو یتیم بچوں کو میچ دیکھنے کےلیے عطیہ کرنے کا اعلان کیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات