Live Updates

لاڑکانہ:پنجاب سے آنے والے ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے،صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو

جمعہ 29 اگست 2025 20:00

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) صوبائی وزیر کامرس اینڈ انڈسٹریز جام اکرام اللہ دھاریجو نے لاڑکانہ میں عاقل آگانی، موریا لوپ اور نصرت لوپ بندوں کا دورہ کیا اور تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر چیف انجینئر سکھر نے صوبائی وزیر کامرس اینڈ انڈسٹریز کو بندوں اور ممکنہ سیلاب کی صورتحال کے بارے میں چارٹس اور نقشوں کے ذریعے بریفنگ دی اور کی گئی تیاریوں سے بھی آگاہ کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کامرس اینڈ انڈسٹریز جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ پنجاب سے آنے والے ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے لیکن امید ہے کہ سندھ میں کم پانی پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے اور سیلاب سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ صدر آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پوری قیادت صورتحال کو ہر وقت مانیٹر کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں پنجاب سے ریلا سندھ میں گڈو بیراج کے راستے داخل ہوگا، جس کا اندازہ 7 سے 8 لاکھ کیوسک پانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بارشیں مزید بھی ہوئیں تو گھبرانے کی ضرورت نہیں، تمام حفاظتی بند مضبوط ہیں اور امید ہے کہ پانی بآسانی نکل جائے گا اور فی الحال کوئی خطرہ نہیں۔ صوبائی وزیر کامرس اینڈ انڈسٹریز نے کہا کہ آئندہ 72 گھنٹے صورتحال کے حوالے سے نہایت اہم ہیں،سیلاب سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں اور حکومت ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔

اس موقع پر کمشنر لاڑکانہ ڈویژن طاہر حسین سانگی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کچے کے لوگوں کو ممکنہ سیلاب کے حوالے سے آگاہ کر دیا ہے اور اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ منتخب نمائندوں سے بھی رابطے میں ہیں تاکہ اس ممکنہ سیلاب کا مقابلہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے ساتھ ساتھ ممکنہ سیلاب کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف بیماریوں سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے بھی لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مویشیوں کو بیماری سے بچانے کے لیے بھی حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خاص خیر محمد شیخ، بلند خان جونیجو، کمشنر لاڑکانہ ڈویژن طاہر حسین سانگی، ڈسٹرکٹ کونسل چیئرمین اعجاز احمد لغاری، وائس چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل اسد اللہ بھٹو، ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ ڈاکٹر شرجیل نور چنا اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات