پی سی بی کے زیر اہتمام حنیف محمد ٹرافی گریڈ ٹو کرکٹ ٹورنامنٹ شروع ہو گیا

جمعہ 29 اگست 2025 20:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) پی سی بی کے زیر اہتمام حنیف محمد ٹرافی گریڈ ٹو کرکٹ ٹورنامنٹ شروع ہو گیا۔ پی سی بی کے مطابق مختلف شہروں میں چھ میچوں کا آغاز ہوا اور افتتاحی روز بیٹرز چھائے رہے۔ گروپ بی میں راولپنڈی اور فاٹا کے درمیان چار روزہ میچ نیشنل بینک اسٹیڈیم میں شروع ہوا۔ راولپنڈی کی پہلی اننگز میں عبدالفصیح، عفان اسحق اور عاطف خان نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

ملتان اسٹیڈیم میں گروپ اے کے میچ میں فیصل آباد اور لاہور بلیوز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہیں، فیصل آباد کی پہلی اننگز میں عبدالصمد نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 152 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ حیدرآباد اور کراچی وائٹس کا میچ کھیلا جارہا ہے۔ حیدرآباد کی پہلی اننگز میں محمد سلیمان نے 159 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جبکہ سعد خان 99 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

ڈرنگ اسٹیڈیم میں کوئٹہ اور آزاد جموں کشمیر کی ٹیمیں مدمقابل ہیں، کوئٹہ کی جانب سے کپتان عبدالواحد بنگلزئی 104 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔ اسٹیٹ بینک اسپورٹس کمپلیکس میں کراچی بلیوز اور ملتان کے درمیان میچ میں ملتان کے بیٹر زین عباس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 124 رنز بنائے۔ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں لاڑکانہ اور ڈیرہ مراد جمالی کی ٹیموں کے میچ میں لاڑکانہ کے بیٹر ثابت علی اور محسن رضا نے سنچریاں اسکور کیں اور تیسری وکٹ کے لیے 216 رنز کی شراکت قائم کی۔