Live Updates

بھارت کی آبی جارحیت پاکستان کے لیے سنگین خطرہ، ڈیمز کی تعمیر ناگزیر ہے، شیخ عمر ریحان

سیلابی پانی سے ہزاروں ایکڑ پر فصلیں تباہ، حکومت کسانوں کو سہولتیں فراہم کرے، چیئرمین پی وی ایم اے

ہفتہ 30 اگست 2025 03:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2025ء) پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی وی ایم ای) کے چیئرمین شیخ عمر ریحان نے ملک بھر میں بالخصوص پنجاب اور دیگر صوبوں میں حالیہ سیلابی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے سیلابی پانی چھوڑنے کا اقدام دراصل پاکستان کو نقصان پہنچانے کی ایک کھلی سازش ہے، جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

اس آبی جارحیت کے باعث ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں اور زرعی معیشت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ شیخ عمر ریحان نے کہا کہ پاکستان ہر بھاری مقدار میں قیمتی پانی سمندر میں ضائع کر دیتا ہے، جو اگر ڈیمز میں ذخیرہ کیا جائے تو نہ صرف سیلابی تباہ کاریوں سے بچا جا سکتا ہے بلکہ اس پانی کو زرعی شعبے کی بحالی اور توانائی کی پیداوار کے لیے بھی بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پانی ذخیرہ کرنے کیلئے ڈیمز کی تعمیر کو فوری طور پر اپنی ترجیحات میں شامل کرے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے نقصانات سے بچا جا سکے۔ چیئرمین پی وی ایم اے نے کہا کہ سیلاب کی حالیہ صورتحال نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ پیشگی اقدامات نہ ہونے کے باعث کسان اور کاشتکار ہر سال بڑے نقصانات سے دوچار ہوتے ہیں۔ تاہم اب تباہی کے بعد حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ متاثرہ کسانوں اور کاشتکاروں کو سہولیات اور مالی مدد فراہم کرے تاکہ وہ دوبارہ خود کفیل ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ان کسانوں کاشتکاروں کے نقصان کا ازالہ کرے۔ شیخ عمر ریحان نے کہا کہ زرعی شعبہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اگر حکومت اس شعبے کو فعال کرنے کے لیے پانی کو ذخیرہ کرنے کے منصوبے تیار کرے تو پاکستان نہ صرف غذائی خودکفالت حاصل کر سکتا ہے بلکہ زرعی برآمدات کے ذریعے کثیر زرمبادلہ بھی کما سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کے لیے قومی سطح پر ایک جامع آبی پالیسی اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جس کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات