پاکستانی وفد سوئٹز ر لینڈ میں منعقد ہونے والی پہلی گلوبل ایس ایم ایز سمٹ میں شرکت کرے گا

ہفتہ 30 اگست 2025 11:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2025ء) پاکستان کا اعلیٰ سطح وفد اگلے ماہ سوئٹرز لینڈ میں منعقد ہونے والی دنیا کی پہلی گلوبل ایس ایم ایز سمٹ میں شرکت کرے گا۔تین روزہ سمٹ 3سی5ستمبر تک ڈیووس میں منعقد ہوگی جس میں دنیا کے ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک سے وفود شرکت کریں گے ۔عالمی سطح پر کاروباری مواقع فراہم کرنے والے ادارے گلوبل ایس ایم ای بزنس ہوم کی خصوصی دعوت پر پاکستان انڈسٹریل سیونگ مشینز امپورٹرز اینڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن (پسمیڈا)کے وائس چیئرمین محمد یاسین کی قیادت میں وفد عالمی سمٹ میں شرکت کرے گا۔

محمد یاسین نے بتایا کہ گلوبل ایس ایم ایز سمٹ کوسوئٹرز لینڈ میں ورلڈ اکنامک فورم کے بعد دوسرا بڑا ایونٹ شمار کیا جارہا ہے اور دنیا کے مختلف ممالک عالمی سطح پر کاروباری مواقع فراہم کرنے والے ادارے گلوبل ایس ایم ای بزنس ہوم کی جانب سے منعقدہ سمٹ میں شرکت کے لئے نہ صرف پرجوش ہیں بلکہ اس سے بھرپور استفادہ کرنے کیلئے عملی تیاریاں بھی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ ایونٹ ایس ایم ایز کو عالمی سطح پر مواقع فراہم کرنے کے لئے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ اس میں دنیا کے ترقی یافتہ اور وسائل رکھنے والے ممالک کے وینچر کیپیٹلسٹ بھی شریک ہوں گے جو دنیا کے مختلف ممالک میں مختلف منصوبوں کو فنڈنگ کرنے کے حوالے سے مختلف معاہدوں کو بھی حتمی شکل دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت کو سوئٹرز لینڈ میں اپنے سفارتخانے کو فی الفور متحرک کرنا چاہیے تاکہ ا س عالمی ایونٹ سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے ،سفارتخانے کو پاکستان سے جانے والے وفد کی بھی معاونت کرنی چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی کاوشوں سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے ماحول سازگار ہے اور ایسے حالات میں تھوڑی توجہ مرکوز کر کے بڑی سرمایہ کاری کو پاکستان لایا جا سکتا ہے ۔ محمد یاسین نے کہا کہ ہم ایس آئی ایف سی سے بھی درخواست کریں گے کہ اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرے تاکہ اس عالمی ایونٹ سے پاکستان کے لئے بھرپور فائدہ حاصل کیا جا سکے ۔

انہوں نے بتایا کہ سمٹ میں پاکستانی پویلین بھی قائم کیا جائے گا اور دنیا بھر سے آنے والے شرکاء تمام پویلنز کووز ٹ کریں گے ۔پاکستان سے مختلف مصنوعات بھی لے کر جا رہے ہیں جن کی پاکستانی پویلین کے ذریعے بھرپور تشہیر کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ میں ٹریڈرز، مینو فیکچررز ، سرمایہ کار ،مختلف شعبوں کے ماہرین اورمالیاتی اداروں کے نمائندے بھی شریک ہوں گے اور ہماری کوشش ہو گی کہ سمٹ کے دوران اور سائیڈ لائن پر زیادہ سے زیادہ ملاقاتیں کر کے غیر ملکی شخصیات ک پاکستان کی مصنوعات سے آگاہی دینے کے ساتھ پاکستان کے لئے سرمایہ کاری بھی لائی جائے ۔