Live Updates

موجودہ سیلابی صورتحال میں متاثرین کیلئے خانقاہوں کے دروازے کھولنے کی ضرورت ہے‘ سیکرٹری اوقاف

ْ روحانی اور دینی اقدار کے فروغ سے ہی فلاحی معاشرے کی تشکیل ممکن ہے،ملی یکجہتی، قومی بقا اور پاکستان کے تحفظ کیلء خانقاہوں کو فعال کرنا ہوگا‘سیکرٹری اوقاف کا میاں شیر محمد شرقپوریؒ کے 100 ویں سالانہ عرس کی مرکزی تقریب سے خطاب

ہفتہ 30 اگست 2025 18:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2025ء)سیکرٹری/چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہررضابخاری نے میاں شیر محمد شرقپوریؒ کے 100 ویں سالانہ عرس کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خانقاہیں خدمت خلق کا سب سے بڑا ادارہ ہیں۔ موجودہ سیلابی صورتحال میں متاثرین کیلئے خانقاہوں کے دروازے کھولنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ روحانی اور دینی اقدار کے فروغ سے ہی فلاحی معاشرے کی تشکیل ممکن ہے۔

ملّی یکجہتی، قومی بقا اور پاکستان کے تحفظ کے لیے خانقاہوں کو فعال کرنا ہوگا۔انتہا پسندی کے تدارک کے لیے دین کی محبت آمیز فکر کا ابلاغ کیا جائے۔ انہوں نے حضرت میاں شیر محمد شرقپوریؒ، کی خدماتِ جلیلہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت میاں شیر محمد شرقپوریؒ، نقشبندی سلوک و تصوّف میں نمایاں مقام کے حامل ہیں۔

(جاری ہے)

آپؒ کا آستاں خطّے میں نقشبندی سلسلے کی اہم خانقاہ ہے۔

آپؒ ساری زندگی روحانی اقدار کے فروغ کے لیے سر گرم رہے۔آپؒ نے نقشبندی سلسلے کی ترویج اور صوفیاء کے طرز فکر کو عام کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔مرکزی تقرب میں ساداتِ کرام،مشائخ عظام، دینی و علمی حلقوں کی ممتاز شخصیات کے علاوہ عقیدت مندوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔سیکرٹری اوقاف اور دیگر مقررین نے مزید کہا کہ صوفیأ نے ہمیشہ انسانی خدمت کا درس دیا، ان کی خانقاہیں اور مزارات سماجی اور روحانی آبیاری کا مرکز اور رواداری، انسان دوستی،اخوت اور بھائی چارے کی ترویج کا ذریعہ تھے۔

دنیا کو مذاہب کے احترام، تکریم آدمیت اور شرفِ انسانیت کا جو درس اسلام نے دیا، اسی پر عمل پیرا ہو کر انسانیت فلاح کی منزل حاصل کرسکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روحانی اور دینی اقدار کے فروغ سے ہی فلاحی معاشرے کی تشکیل ممکن ہے۔ انتہا پسندی اور تشدد کے رجحانات کے خاتمے کے لیے صوفیاء کے اسلوب دعوت کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات