(ن) لیگ گلگت نے محکمہ پاور کی مجوزہ نجکاری مسترد کردی،اقدام علاقے کے عوام کیساتھ کھلی زیادتی ،معاشی قتل قرار دے دیا

نجکاری کی صورت میں بجلی نرخ آسمان کو چھوئیں گے، عوام پر ناقابلِ برداشت بوجھ پڑے گا ، سیکرٹری جنرل کمال حسین

ہفتہ 30 اگست 2025 19:35

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2025ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ گلگت بلتستان کے جنرل سیکریٹری کمال حسین نے محکمہ پاور کی مجوزہ نجکاری کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام علاقے کے عوام کے ساتھ کھلی زیادتی اور معاشی قتل کے مترادف ہے۔ نجکاری کی صورت میں بجلی کے نرخ آسمان کو چھوئیں گے، عوام پر ناقابلِ برداشت بوجھ پڑے گا اور چھوٹے سرکاری ملازمین کا روزگار شدید خطرے میں ڈال دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

کمال حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان قدرتی وسائل سے مالا مال خطہ ہے، یہاں بجلی پیدا کرنے کی بے شمار صلاحیت موجود ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت ادارے کو بہتر بنانے کے لیے اصلاحات کرے، لائن لاسز پر قابو پائے اور عوامی مفاد میں پالیسی اپنائے، نہ کہ محکمہ پاور کو سرمایہ دار طبقے کے ہاتھوں بیچ کر عوام کو مزید مشکلات میں دھکیل دیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ پاور کی نجکاری عوام اور چھوٹے ملازمین پر بم گرانے کے مترادف ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اگر حکومت نے نجکاری کا فیصلہ واپس نہ لیا تو پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ عوام کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاجی تحریک چلائے گی اور اس کے تمام تر نتائج کی ذمہ داری حکومت پر ہوگی ۔