Live Updates

طوفانی بارشوں ،سیلابی ریلوں نے لنڈی کوتل، جمرود اور باڑہ میں تباہی مچادی

ہفتہ 30 اگست 2025 19:35

خیبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2025ء)ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل،جمرود اور باڑہ میں صبح ہونیوالی طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی، شدید بارش کے نتیجے میں کئی مقامات پر پانی گھروں میں داخل ہوگیا جبکہ پاک افغان شاہراہ کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے کٹہ کشتہ کے مقام پر سیلابی ریلے نے پل کو بہا لے جانے سے افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت مکمل طور پر معطل ہوگئی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق سیلابی ریلوں میں متعدد گاڑیاں بہہ گئیں جس سے لوگوں کو شدید مالی نقصان اٹھانا پڑا علاقہ ولی خیل میں گورنمنٹ ہائی سکول کی حفاظتی دیوار اور دو کمرے سیلابی پانی میں بہہ گئے جس کے باعث تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہوئیں مختلف علاقوں میں بجلی کے کھمبے بھی اکھڑ گئے نتیجتاً کئی گھنٹوں تک بجلی کی فراہمی معطل رہی اسی طرح موبائل نیٹ ورک بھی بند رہا جسے بعدازاں جزوی طور پر بحال کیا گیا مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بارش اور سیلابی ریلوں نے کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچایا ہے جبکہ متعدد چھوٹے پل اور کچے راستے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئے ہیں جس کی وجہ سے مقامی آبادی آمدورفت میں شدید مشکلات سے دوچار ہے۔

(جاری ہے)

علاقے کے لوگ اپنے طور پر راستوں کی بحالی اور گھروں سے پانی نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں حکومت سے بھی فوری امداد اور بحالی کے اقدامات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی البتہ مالی نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں بھیج دی ہیں اور کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ عوام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات