قائد حریت سید علی گیلانی کی چوتھی برسی کل منائی جائے گی

اتوار 31 اگست 2025 11:50

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2025ء) کنٹرول کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری کل یکم ستمبر کو قائد حریت سید علی گیلانی کی چوتھی برسی اس تجدید عہد کے ساتھ منائیں گے کہ بھارتی تسلط سے آزادی کے ان کے مشن کو ہرقیمت پر پوراکیا جائے گا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی یکم ستمبر 2021کو سرینگر میں اپنی رہائش گاہ پر نظربندی کے دوران انتقال کر گئے جہاں انہیں ایک دہائی سے زائد عرصے تک مسلسل گھر میں نظر بند رکھا گیاتھا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حیدر پورہ سرینگر میں سید علی گیلانی کی قبرپر جائیں اور شہید رہنما اور دیگر کشمیری شہدا ء کے لیے فاتحہ خوانی کریں۔ حریت کانفرنس نے ایک بیان میں ائمہ مساجد اور خطیبوں پر بھی زور دیا کہ وہ مساجد میں عظیم قائد اور دیگر کشمیری شہدا ء کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔

(جاری ہے)

بیان میں دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔

بیان میں کہا گیا کہ کشمیری شہدا ء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور ان کے مشن کو ہر قیمت پر پورا کیا جائے گا۔بیان میںکہاگیا کہ کشمیر کاز کے لیے سید علی گیلانی کی لگن اورقربانیاںآنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہیں۔ ان کے جذبہ مزاحمت سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو تقویت ملتی رہے گی ۔ پاکستان کے ساتھ جموں و کشمیر کے الحاق کے لیے ان کی زندگی بھر کی جدوجہد ان کے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ان کی قیادت کے گہرے نقوش کشمیر کی تاریخ میں ہمیشہ کے لیے ثبت ہوگئے ہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا کہ'' ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے'' کا نعرہ سید علی گیلانی کے وژن کی علامت ہے۔ ان کے مشن کو آگے بڑھانا ہی ان کے لئے سب سے بڑا خراج عقیدت ہے۔تحریک حریت جموں و کشمیر، جموں و کشمیر مسلم لیگ، پیپلز لیگ، ینگ مینز لیگ اور دیگر حریت پسند تنظیموں نے سرینگر میں اپنے بیانات میں کہا کہ مسئلہ کشمیر پر سید علی گیلانی کے اصولی موقف سے انہیں بے مثال عزت و توقیر حاصل ہوئی اور بھارتی مظالم ان کے ساتھ کشمیری عوام کی عقیدت کم نہیں کرسکتے۔