بیٹا مر گیا تو نیتن یاہو سے جواب طلب کیا جائے گا،قیدی کی ماں کا عہد

بیٹے کی موت سوچے سمجھے قتل کے مترادف ہو گی،ماں عیناف زنگاکرکی گفتگو

اتوار 31 اگست 2025 12:40

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء)ایک اسرائیلی قیدی کی والدہ نے ہفتے کے روز اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر غزہ میں وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو کی طے شدہ نئی جارحیت ان کے بیٹے کی اسیری میں موت کا باعث بنی تو وہ ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گی۔اگر نیتن یاہو نے ایک معاہدے کے موجودہ خاکہ کے بجائے غزہ کی پٹی پر قبضہ کرنے کا فیصلہ کیا تو یہ ہمارے قیدیوں اور عزیز فوجیوں کو پھانسی دینے کے مترادف ہو گا، قیدی متان زنگاکر کی والدہ عیناف زنگاکر نے کہا۔

اس ماہ کے شروع میں حماس نے جنگ بندی اور قیدیوں کی رہائی کے معاہدے کے لیے ایک لائحہ عمل پر اتفاق کیا تھا لیکن اسرائیل نے اس پر تاحال کوئی باضابطہ ردِ عمل نہیں دیا ہے۔انہوں نے تل ابیب میں قیدیوں کی بحفاظت واپسی کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک ریلی سے خطاب میں کہا، نیتن یاہو، اگر میرا بیٹا متان تابوت میں واپس آیا تو نہ صرف وہ اور میں اس کی قیمت ادا کریں گے بلکہ میں ذاتی طور پر اس بات کو یقینی بناں گی کہ آپ پر دانستہ اور سوچے سمجھے قتل کے جرم میں مقدمہ چلایا جائے۔

(جاری ہے)

متان زنگاکر کو ان کی اسرائیلی میکسیکن دوست الانا گرٹزیوسکی کے ہمراہ کبتز نیر اوز میں ان کے گھر سے اغوا کر لیا گیا تھا جب انہوں نے سات اکتوبر 2023 کے حملے کے دوران ایک محفوظ کمرے میں پناہ لینے کی کوشش کی۔الانا کو نومبر 2023 میں ایک مختصر جنگ بندی کے دوران رہا کر دیا گیا تھا۔عیناف زنگاکر اس کے بعد سے قیدیوں کی بحفاظت رہائی کی مہم میں ایک اہم شخصیت بن گئی ہیں۔