بھارت، کتے کے بھونکنے پر مالک کو کلہاڑی کے وار سے قتل کردیا گیا

دونوں کے درمیان پرانی دشمنی چل رہی تھی اور اب اس تنازع نے دشمنی کو مزید ہوا دی،پولیس

اتوار 31 اگست 2025 13:15

․نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء)بھارت میں کتے کے بھونکنے پر مالک کو بیدردی سے قتل کر دیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست چھتیس گڑھ کے فٹنگ پارہ گاں میں پیش آیا جہاں 25 سالہ سجیت خالقو نے کتا پال رکھا تھا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سجیت خالقو اپنے پالتو کتے کے ساتھ چہل قدمی کر رہا تھا کہ کتے نے ایک شخص پر بھوکنا شروع کردیا جس پر وہ طیش میں آگیا، دونوں کے درمیان لڑائی اس قدر بڑھی کہ نوبت دھمکیوں تک پہنچ گئی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے پولیس نے مزید بتایا کہ جھگڑا ختم ہونے کے بعد سجیت اپنے کسی رشتہ دار کے گھر کھانے پر جا رہا تھا کہ اسے ملزمان نے آواز دی اور کلہاڑی کے وار شروع کر دیے، جس سے وہ شدید زخمی ہوا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا، سجیت کے رشتہ دار نے اسے بچانے کی کوشش کی لیکن وہ بھی حملے میں زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق دونوں کے درمیان پرانی دشمنی چل رہی تھی اور اب اس تنازع نے دشمنی کو مزید ہوا دی جس کے نتیجے میں یہ واقعہ پیش آیا جبکہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔