بیجنگ ، ایس سی او میوزیم نمائش میں پاکستان کے تاریخی نوادرات پیش

اتوار 31 اگست 2025 14:50

نگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء)چین کی وزارت ثقافت و سیاحت کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے میوزیمز سے قیمتی نوادرات پر مبنی نمائش نیشنل میوزیم آف چائنہ، بیجنگ میں جاری ہے، یہ نمائش 16 نومبر 2025 تک جاری رہے گی اور ایس سی او خطے کے ہزاروں سال پرانے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرتی ہے۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق نمائش میں پاکستان کے نو لیتھک دور کے منفرد آثار شامل ہیں، جن میں جیومیٹرک نقوش والا گلوبولر مٹکا اور سرمئی رنگ کا ایک پیالہ جس پر مچھلیوں اور آبی پودوں کی نقش بندی کی گئی ہے، نمایاں ہیں۔

اس کے علاوہ زائرین کی توجہ کا مرکز ایک باریک نقوش والا سیل بھی ہے جو دریائے سندھ کی تہذیب سے تعلق رکھتا ہے اور جسے تجارت میں استعمال کیا جاتا تھا، جو اعلیٰ تجارتی اور انتظامی نظام کی نشاندہی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق نمائش میں گندھارا کی فنی وراثت کو بھی پیش کیا گیا ہے، جو بدھ مت کی روایات اور ہیلینسٹک اثرات کے امتزاج کے لیے مشہور ہے۔

اس میں ٹیکسلا سے تعلق رکھنے والا ایک خوبصورت بدھ کا سر شامل ہے، جس میں لہراتے بال، لمبے کان اور پرسکون نیچے دیکھتی ہوئی آنکھیں ہیں، نفیس ہنر مندی کا مظہر ہے۔ اسی طرح اسلام آباد میوزیم کے مجموعے سے جین مذہب کی ایک رسم کا ٹینک بھی شامل ہے، جو پرندوں، تیل کے دیوں اور سانپوں کی نقش بندی سے مزین ہے اور کائنات اور قدرتی عناصر کے توازن کی علامت ہے۔

چینی زائرین نے کہایہ نمائش ہمارے خطے کی مشترکہ تاریخ کا آئینہ ہے۔ ان شاہکاروں کو قریب سے دیکھ کر نہ صرف پاکستان کی ثقافتی ورثے کو بہتر طور پرسمجھنے میں مدد ملتی ہے بلکہ سلک روڈ کے تعلقات کو بھی اجاگر کیا جاتا ہے جو ہمارے ممالک کو جوڑتے ہیں۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق پاکستان حکومت کے محکمہ آثار قدیمہ اور میوزیم کے ڈائریکٹر جنرل امان اللہ نے کہا کہ اسلام آباد نیشنل میوزیم سے دس منفرد نوادرات منتخب کیے گئے ہیں تاکہ پاکستان کے تمام ارتقائی اور تاریخی ادوار کی نمائندگی کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی لحاظ سے دونوں ممالک، چین اور پاکستان، کے درمیان بہت سے روابط ہیں اور دونوں کی ثقافت اور روایات کی طویل تاریخ ہے۔