ہمک، پولیس موبائل وین کو حادثہ، اسلام آباد پولیس کانسٹیبل شہید، ساتھی زخمی

اتوار 31 اگست 2025 16:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2025ء) اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) کے تھانہ ہمک کی پولیس موبائل وین کو گاڑی نے ٹکر مار دی جس سے کانسٹیبل تحسین شہید اور کانسٹیبل ساجد شدید زخمی ہو گئے۔پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پٹرولنگ موبائل ڈیوٹی پر تھی کہ ایک تیز رفتار گاڑی اس سے ٹکرا گئی۔

انہوں نے کہا کہ حادثے میں ملوث کار کو تحویل میں لے لیا گیا ہے جبکہ ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

شہید کانسٹیبل کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں اعلیٰ پولیس افسران، ساتھیوں اور مقامی لوگوں نے شرکت کی۔ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر محمد ہارون جوئیہ اور ایس ایس پی آپریشنز محمد شعیب خان نے بعد ازاں پمز ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے زخمی کانسٹیبل ساجد کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے ڈاکٹروں سے ملاقات کی اور لواحقین کو یقین دلایا کہ ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جائے گی۔آئی سی ٹی پولیس کے ترجمان نے مزید کہا کہ ڈیوٹی کے دوران پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو ہمیشہ خراج تحسین پیش کیا جائے گا اور فورس شہداء کے خاندانوں کی مدد کے لیے پرعزم ہے۔