Live Updates

جے یو آئی کا کراچی میں پاکستان آئیڈیل پروگرام پر شدید ردعمل

ی*غیر اخلاقی اور غیر شرعی پروگرام عذاب کو دعوت دینے کے مترادف ہیں، ترجمان جے یو آئی

اتوار 31 اگست 2025 18:40

/کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 اگست2025ء) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے کراچی میں پاکستان آئیڈیل کے نام سے پروگرام کے انعقاد کو شدید الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے اسے قابلِ مذمت قرار دیا ہے۔ جے یو آئی کے ترجمان نے کہا کہ لاہور کے بعد اب کراچی میں اس قسم کے غیر اخلاقی اور غیر شرعی پروگرام ملک میں عذاب کو دعوت دینے کے مترادف ہیں۔

ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کا کہنا تھا کہ حکومتی سطح پر غیر اخلاقی پروگرام کروا کر قوم اور نوجوان نسل کو گمراہ کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق، اسلام کے نام پر حاصل کیے گئے ملک میں اس طرح کے شوز منعقد کر کے آزادی اور قربانیاں دینے والوں کے جذبے کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں جب پورا ملک سیلاب کی تباہ کاریوں سے دوچار ہے، لاکھوں خاندان بے گھر اور سینکڑوں افراد شہید ہوچکے ہیں، حکمرانوں کا میوزک شوز منعقد کرانا افسوسناک ہے۔

اسلم غوری نے دعویٰ کیا کہ سیلاب کے باعث 22 لاکھ سے زائد افراد اپنے گھروں سے محروم ہو چکے ہیں جبکہ متاثرہ عوام مشکلات میں گھری ہوئی ہے۔جے یو آئی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ایسے غیر شرعی پروگرام بند کیے جائیں اور عوامی مسائل حل کرنے پر توجہ دی جائے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات