ڈی سی سینٹرل طحہ سلیم کی پاکستان سنی تحریک کے چیئرمین ثروت اعجاز قادری سے ملاقات

ْجلوس کی گزرگاہوں پر ٹوٹی پھوٹی سڑکیں اور اسٹریٹ لائٹوں کو درست کیا جائے،ثروت اعجاز قادری

اتوار 31 اگست 2025 19:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء)ڈپٹی کمشنر سینٹرل طحہ سلیم نے چیئرمین پاکستان سنی تحریک انجینیئر محمد ثروت اعجاز قادری سے قادری ہاس میں ملاقات کی۔اس موقع پر مرکزی کوآرڈینیٹر پاکستان سنی تحریک طیب حسین قادری کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری محمد شہباز رضا،ڈی سی سینٹرل کے کوآرڈینیٹر ظہیر احمد خان بھی موجود تھے۔

ملاقات کے موقع پر جشن عید میلاد النبی کے انتظامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر سینٹرل طحہ سلیم نے دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھی توحید رسالت کے ماننے والے ہیں یہ دن ہم سب بڑھ چڑھ کر منائیں گے۔کے الیکٹرک کو ہدایت کی ہے کہ گیارہ اور بارہ ربیع اول کو ضلع میں لوڈ شیڈنگ سے گریز کیا جائے۔تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ جلوس کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین پاکستان سنی تحریک انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے کیے جانے والے انتظامات پر اعتماد کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا پندرہ سو واں جشن عید میلاد النبی منانا پوری امت مسلمہ کی خوش نصیبی ہے۔پاکستان سنی تحریک ہمیشہ جشن عید میلاد النبی بڑے عقیدت و احترام کے ساتھ مناتی ہے ملک بھر میں پاکستان سنی تحریک کی جانب سے میلاد ریلیاں اور میلاد کی محفلوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

جشن مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے سلسلے میں سیرت النبی کانفرنس کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے۔ثروت اعجاز قادری نے دوران ملاقات مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جلوس کی گزرگاہ پر سیوریج کے پانی کو بھی صاف کیا جائے ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کی استرکاری کے ساتھ ساتھ روشنی کے انتظامات کے سلسلے میں اسٹریٹ لائٹوں کو بھی درست کیا جائے۔جلوس اور میلاد ریلیوں کی انتظامیہ سے بھرپور تعاون کیا جائے۔