ہماری سیاسی حکمت عملی کا محور عوامی خدمت اورملکی ترقی ہے،نیازخاصخیلی

کارکنوں کی تربیت اور تنظیم نو پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، رمیز منظورروفی ودیگر کا مشترکہ بیان

اتوار 31 اگست 2025 20:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) سندھ کے صدر سرائی نیاز حسین خاصخیلی، قائم مقام جنرل سیکریٹری رمیز منظور روفی اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) سندھ میں ایک مضبوط اور مستحکم سیاسی قوت کے طور پر اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

ہم اپنے کارکنوں اور عوام کے درمیان اپنی جماعت کو ایک اہم سیاسی قوت کے طور پر پیش کرنے میں کسی قسم کی کسر نہیں چھوڑیں گے۔سرائی نیاز حسین خاصخیلی نے کہا کہ ہماری سیاسی حکمت عملی کا محور عوامی خدمت اور ترقی ہوگی۔ ہماری جماعت ہمیشہ اپنے منشور کی روشنی میں سیاست کرے گی اور عوامی مسائل کو حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔

(جاری ہے)

ہم سندھ کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے بھرپور کوشش کریں گے اور عوامی رابطہ پروگرامز کے ذریعے انہیں اپنی پالیسیوں سے آگاہ کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری پالیسی ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے رہی ہے اور ہم یقین رکھتے ہیں کہ عوامی سطح پر اثرانداز ہونے کے لیے ہمیں ہر سطح پر عوام کے مسائل حل کرنے ہوں گے۔ ہماری ترجیح تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہوگی، تاکہ سندھ کے عوام کو ایک بہتر زندگی فراہم کی جا سکے۔قائم مقام جنرل سیکریٹری رمیز منظور روفی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) سندھ میں ایک واضح حکمت عملی کے تحت آگے بڑھ رہی ہے۔

ہم اپنے کارکنوں کی تربیت اور تنظیم نو پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں تاکہ ہر سطح پر پارٹی کی طاقت کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔ ہمارا مقصد نہ صرف سندھ کے عوام کا اعتماد حاصل کرنا ہے بلکہ ہم یہ چاہتے ہیں کہ ہماری جماعت سندھ کی سیاست میں ایک اہم قوت کے طور پر اپنی شناخت بنائے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے تمام کارکنوں، عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کے ساتھ مل کر پارٹی کی پوزیشن کو مستحکم کریں گے اور یقین دلاتے ہیں کہ ہم سندھ کی سیاست میں پاکستان مسلم لیگ (ق) کو ایک مضبوط اور مؤثر قوت بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) سندھ میں عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنے مشن کو آگے بڑھائے گی اور ہم اپنے تمام وعدوں کو حقیقت میں بدل کر دکھائیں گے۔انہوں نے آخر میں کہا کہ ہماری جماعت عوام کے مفاد میں ہر ممکن قدم اٹھائے گی اور پارٹی کی ترقی کے لیے ہر سطح پر کام کرے گی۔رہنمائوں نے کہاکہ ہم اپنے پارٹی سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور سیکریٹری جنرل طارق حسن کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ ہم پارٹی منشور کے مطابق اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم چوہدری شجاعت حسین اور طارق حسن کی قیادت میں اپنی سیاست کو ایک نئی سمت دیں گے اور سندھ میں پارٹی کی پوزیشن کو مزید مستحکم کریں گے۔