گورنر سندھ کے زیرِ اہتمام گورنر ہائوس میں پانچویں روز بھی جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی پرنور محافل کا سلسلہ جاری

ہمارے نبی ﷺ نے غریبوں اور مسکینوں کو عزت دی، اپنی سواری پر بٹھایا، یہی سنتِ نبوی ہے، اکمران ٹیسوری کا خطاب

اتوار 31 اگست 2025 21:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی میزبانی میں گورنر ہاؤس کراچی میں 1500 ویں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی روحانی محافل کا پانچواں روز بھی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ اس پرنور تقریب میں مختلف مذہبی، سماجی اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، انیس قائمخانی سمیت متعدد شخصیات نے شرکت کی، جبکہ پیر حسان حسیب الرحمن نے ویڈیو لنک کے ذریعے خصوصی خطاب فرمایا۔

معروف نعت خواں قاری وحید ظفر قاسمی، الحاج محمد فیاضی، سید شایان علی و دیگر نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد احمد قادری نے سیرتِ طیبہ ﷺ پر جامع اور مؤثر بیان پیش کیا، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ کی جانب سے تین خوش نصیب افراد کے لیے عمرے کے ٹکٹوں کی قرعہ اندازی بھی کی گئی، جن میں جاوید احمد بمعہ والدہ اور ظفر اقبال کا نام نکلا۔

جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی محفل سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ یہ میرے لیے اللہ کا انعام ہے کہ 12 ربیع الاول کے مبارک دن مجھے اس منصب پر بیٹھنے کی سعادت ملی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے عام و خاص کے لیے کھول دیے گئے ہیں، آپ سب کی موجودگی ہمارے پیارے نبی ﷺ سے محبت اور خوش نصیبی کی علامت ہے۔یہ دن سب کے لیے رحمت ہے۔

نبی کریم ﷺ سے محبت ہی اصل سرمایہ ہے، زندگی مختصر ہے، اسے محبت، خدمت اور اخلاص کے ساتھ گزارنا چاہیے۔ گورنر سندھ نے عاجزی، اخلاص، نیت کی صفائی، اور دوسروں سے محبت کے پیغام کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ جہاں نبی کریم ﷺ کا ذکر ہو، وہاں اللہ کے ولی بھی موجود ہوتے ہیں۔ گورنر سندھ نے نبی کریم ﷺ کی سنتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے نبی ﷺ نے غریبوں اور مسکینوں کو عزت دی، اپنی سواری پر بٹھایا، یہی سنتِ نبوی ہے۔

معاشرتی اصلاح پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تکبر انسان کو کفر کے دہانے تک لے جاتا ہے، منافقت اور غیبت سے بچنا چاہیے، اور ہمیں ایک دوسرے پر انگلی اٹھانے کے بجائے محبت اور اصلاح کی نیت رکھنی چاہیے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہر چیز پر قادر ہے، وہ جب چاہے، جیسے چاہے، اپنا حکم نافذ فرما دیتا ہے۔ نمرود کو ایک حقیر مچھر سے خاک میں ملا دیا، اور ہاتھیوں کے لشکر کو کنکریوں سے نیست و نابود کر دیا، یہی اس کی عظمت کا جلوہ ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اللہ کی رضا میں راضی رہنا ہی بندگی ہے،نیتوں کا حال صرف اللہ جانتا ہے،اللہ غفورالرحیم ہے معاف کردے گا، بشرطیکہ سچے دل سے معافی مانگیں۔