ایس ایس پی ملیر کاانسداد پولیو مہم کے آغاز پرہسپتالوں و حساس پوائنٹس کا دورہ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

پیر 1 ستمبر 2025 14:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبدالخالق نے انسداد پولیو مہم کے آغاز پر ہسپتالوں، یوسیز اور حساس پوائنٹس کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ترجمان ملیر پولیس کے مطابق ایس ایس پی نے اس موقع پر کہا کہ ضلعے میں انسداد پولیو مہم کے دوران مجموعی طور پر 750سے زائد افسران و جوان، لیڈیز پولیس اور انٹیلی جنس سٹاف تعینات کیا گیا ہے جو مربوط کوآرڈینیشن کے تحت سکیورٹی امور سرانجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیموں کی حفاظت کے لیے ملیر پولیس نے موثر اور متحرک سکیورٹی پلان ترتیب دیا ہے۔ انہوں نے فیلڈ میں موجود پولیس افسران وجوانوں، لیڈیز اہلکاروںسمیت انٹیلی جنس سٹاف کو سکیورٹی سے متعلق ضروری بریفنگ بھی دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے خود بچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلائے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے نہ صرف موبائل اور موٹر سائیکل گشت بڑھایا گیا ہے بلکہ اہم پوائنٹس پر سٹینڈنگ گارڈز اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم سے بھی نگرانی کی جا رہی ہے۔

ایس ایس پی نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانے میں بھرپور تعاون کریں اور ٹیموں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور پولیس اس قومی مہم میں نہ صرف سکیورٹی بلکہ عملی طور پر بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔