Live Updates

وزیر اعلی خیبرپختونخوا کی سیلاب متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی، بحالی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت

متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کےلئے ڈپٹی کمشنرز خود نگرانی کریں، سی ون دفاتر میں بیٹھ کر نہیں بلکہ فیلڈ میں جا کر تیار کئے جائیں. علی امین گنڈاپور

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 1 ستمبر 2025 16:25

وزیر اعلی خیبرپختونخوا کی سیلاب متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی، بحالی ..
 پشاور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔یکم ستمبر ۔2025 )وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے سیلاب متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی، بحالی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے وزیراعلی علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت سیلاب متاثرہ اضلاع کے حوالے سے ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا جس میں مشیر خزانہ، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری ریلیف، ڈی جی پی ڈی ایم اے اور متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز شریک ہوئے، اجلاس میں بارشوں اور سیلابوں سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کے کاموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا.

(جاری ہے)

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ سیلابوں میں 411 افراد جاں بحق ہوئے جن میں سے 352 کے لواحقین کو معاوضوں کی مد میں ادائیگی مکمل کر دی گئی ہے، جاں بحق افراد کے لواحقین میں اب تک 704 ملین روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں، اسی طرح 132 زخمیوں میں سے 60 کو معاوضوں کی مد میں 30 ملین روپے ادا کئے گئے ہیں. بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ متاثرہ گھروں کا ڈیٹا اکٹھا کرلیا گیا ہے، 571 مکمل تباہ شدہ گھروں میں سے 367 کے مالکان کو اور 1983 جزوی متاثرہ گھروں میں سے 1094 کے مالکان کو معاوضے دیئے جا چکے ہیں، مجموعی طور پر گھروں کے نقصانات کی مد میں 595 ملین روپے ادا کئے گئے ہیں جبکہ باقی ماندہ معاوضوں کی ادائیگی آئندہ دو روز میں مکمل کی جائے گی، متاثرہ خاندانوں میں اب تک 29 ہزار 631 فوڈ پیکجز بھی تقسیم کئے جا چکے ہیں.

وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے ہدایت کی کہ معاوضوں کی ادائیگی کے فوری بعد بحالی کے عمل کا آغاز کیا جائے اور متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے ڈپٹی کمشنرز خود نگرانی کریں انہوں نے کہا کہ پی سی ون دفاتر میں بیٹھ کر نہیں بلکہ فیلڈ میں جا کر تیار کئے جائیں جبکہ دریاﺅں اور آبی گزرگاہوں کی ڈیسلٹنگ اور حفاظتی پشتوں کی تعمیر کے لئے ایک بڑا ون ٹائم منصوبہ شروع کیا جائے گا وزیراعلی نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اضلاع میں گزشتہ چالیس برس کے دوران پانی کی مقدار کا ریکارڈ مرتب کریں اور آبی گزرگاہوں اور نالوں کے اطراف سے تجاوزات ہٹانے کے لئے بلا امتیاز کارروائی کریں.

علی امین گنڈاپور نے تباہ شدہ اسکولوں اور صحت مراکز کے لئے پری فیب اسٹرکچرز لگانے اور وبائی امراض کے ممکنہ پھیلا کو روکنے کے لئے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت بھی کی وزیراعلی نے سول انتظامیہ کی حالیہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ہنگامی صورتحال میں جس طرح فوری رسپانس دیا گیا اس کی ملک کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، بحالی کے مرحلے میں بھی اسی جذبے کے ساتھ کام کیا جائے. 
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات