شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پرحملہ، پولیس و فورسز کی جوابی کارروائی، 3 دہشتگرد ہلاک

پیر 1 ستمبر 2025 18:14

شمالی وزیرستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء)شمالی وزیرستان کے تھانہ میر علی کی حدود میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا، تاہم پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بروقت جوابی کارروائی کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق تھانہ میر علی کی حدود میں پولیس کی مشترکہ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبل نظام اللہ شہید اور کانسٹیبل انعام اللہ زخمی ہوگئے۔

تاہم پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بروقت جوابی کارروائی کے نتیجے میں نہ صرف دہشت گرد بھاگنے پر مجبور ہوگئے بلکہ فورسز نے 3 دہشت گردوں کو ہلاک اور 4 کو زخمی کردیا، زخمی دہشت گردوں کی تلاش شروع کر دی گئی ۔دوسری جانب، دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل نظام اللہ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں اعلیٰ عسکری اور پولیس حکام کے علاوہ سول سوسائٹی کے افراد کی بھی شرکت کی جب کہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے میت کو سلامی پیش کی۔

(جاری ہے)

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے جرات و بہادری سے لڑنے والے اہلکاروں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔انہوںنے کہاکہ جان ہتھیلی پر رکھ کر فرنٹ لائن سے لڑنے والے اہلکار پولیس فورس کا فخر ہیں، زخمی کانسٹیبل نے دلیری سے 3 دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانے کا ناقابل فراموش کارنامہ سرانجام دیا۔