Live Updates

حالیہ سیلاب نے معیشت کو ایک دہائی پیچھے دھکیل دیا: خادم حسین

پیر 1 ستمبر 2025 22:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 ستمبر2025ء) فائونڈر ز گروپ کے سرگرم رکن ،پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن ، سینئر نائب صدر فیروز پور روڈ بورڈاورسابق ممبر لاہور چیمبر آف کامرس خادم حسین نے کہا ہے کہ اقتصادی ڈھانچے کی بنیادی سطح پر تنظیم نو کی اشد ضرورت ہے تاکہ پاکستان اپنی ترقی کی مکمل صلاحیت بروئے کار لا سکے، رپورٹ کے مطابق پاکستان کا ہر انتظامی صوبہ 5ارب ڈالر کی برآمدات پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ،مجموعی حالات کا جائز ہ لیا جائے تو اب پاکستان کو بھرپور توجہ سے معاشی جنگ لڑنی ہوگی۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کو پالیسی ریٹ کو بتدریج سنگل ڈیجٹ میں لانا چاہیے کیونکہ کم شرح سود سرمایہ کاری کو فروغ دے گی اور صنعتی سرگرمیوں کو تیز کرے گی،ناقص آبی انتظام سے ملکی معیشت کو سالانہ تقریباً 25ارب ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے، حالیہ سیلاب نے معیشت کو ایک دہائی پیچھے دھکیل دیا ہے جو انتہائی خطرناک صورتحال ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کی ترقی کے امکانات کو لاحق نقصان کو کم کرنے کے لیے پانی کے تحفظ اور بنیادی ڈھانچے میں فوری اصلاحات نا گزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے معاشی نقصانات کا فوری طور پر تخمینہ لگانا مشکل ہے لیکن ابتدائی جائزے یہ ظاہر کرتے ہیں کہ 2022کے سیلاب جس سے تقریباً 40ارب امریکی ڈالر کا نقصان ہوا تھا حالیہ نقصان اس سے کہیں زیادہ ہوگا ۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات