Live Updates

وزیر اعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن بلا تعطل جاری

پیر 1 ستمبر 2025 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء): وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن بلا تعطل جاری ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ حالیہ غیر معمولی سیلابی صورتحال میں متاثرین کی فوری مدد کے لیے پنجاب پولیس ہائی الرٹ ہے اور شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک سیلاب سے متاثرہ اضلاع سے 2لاکھ 46ہزار 640متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، جن میں 1لاکھ سے زائد مرد، 72ہزار 983خواتین اور 73ہزار 194بچے شامل ہیں۔ مزید برآں شہریوں کے کروڑوں روپے مالیت کے 3لاکھ 14 ہزار 579مویشیوں کو بھی سیلاب زدہ علاقوں سے نکال کر محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے ساہیوال، ملتان، جھنگ اور مظفر گڑھ میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر پولیس کو ہمہ وقت ہائی الرٹ رہنے کے احکامات دیے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ تھرمل امیجنگ ڈرون کیمروں کے ذریعے سیلابی ریلوں میں پھنسے شہریوں اور مویشیوں کو ٹریس کرکے ریسکیو کیا جا رہا ہے۔ قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کے لیے غیر معمولی جرات اور بہادری دکھانے والے پولیس افسران و اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ انخلا والے علاقوں میں سکیورٹی، سرویلنس اور پٹرولنگ کو مزید بڑھایا جائے تاکہ متاثرین کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے فلڈ ریلیف کیمپوں میں متاثرین کے تحفظ، رہائش، ادویات، خوراک اور دیگر ضروریات زندگی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 15ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار، 700سے زائد وہیکلز اور 40بوٹس ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات