سہ ملکی سیریز‘ افغانستان نے یو اے ای کو 38 رنز سے شکست دیدی

منگل 2 ستمبر 2025 14:15

سہ ملکی سیریز‘ افغانستان نے یو اے ای کو 38 رنز سے شکست دیدی
شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء)سہ ملکی سیریز کے تیسرے ٹی20 میچ میں افغانستان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 38 رنز سے ہرا دیا اور پہلی کامیابی حاصل کرلی۔شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں یو اے ای نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو افغانستان کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ پر 188 رنز اسکور کرکے میزبان ٹیم کو 189 رنز کا ہدف دیا۔

جواب میں یو اے ای ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 150 رنز محدود رہی، یوں افغان ٹیم نے میچ 38 رنز سے اپنے نام کرلیا۔یو اے ای ٹیم کے کپتان محمد وسیم 67 بناکر پویلین لوٹے جبکہ راہول چوپڑا نے 52 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے لیکن دونوں ہی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار نہ کرواسکے۔میچ میں افغان ٹیم کے کپتان راشد خان نے صرف 21 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اور ساتھ ہی ٹی 20 کرکٹ میں زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

(جاری ہے)

اُن کے ساتھ شرف الدین اشرف نے بھی 3 وکٹیں حاصل کیں اور انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس سے قبل افغان ٹیم ابراہیم زادران نے 63 اور صدیق اللہ اتل نے 54 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کریم جنت 23 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔یو اے ای کے محمد روہید اور صغیر خان نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔افغانستان اور یو اے ای کی ٹیموں کو سیریز کے دوران اپنے پہلے میچز میں پاکستان سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

افغانستان کی فائنل الیون میں رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زادران، صدیق اللّٰہ اتل، درویش رسولی، کریم جنت، عظمت اللّٰہ عمر زئی، راشد خان، محمد نبی، شرف الدین اشرف اور فضل الحق فاروقی شامل تھے۔یو اے ای کی حتمی ٹیم میں محمد وسیم، محمد ذہیب، آصف خان، راہول چوپڑا، ایتھان ڈیسوزا، ہرشیت کوشک، دھریو پرشانت، صغیر خان، حیدر علی، محمد روہید اور جنید صدیقی شامل تھے۔