Live Updates

سرینگر جموں ہائی وے کی بندش کی وجہ سے پھلوں کے کشمیری کاشتکاروں کو بھاری نقصانات کا سامنا

منگل 2 ستمبر 2025 13:09

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سرینگر جموں ہائی وے گزشتہ ایک ہفتہ سے بندہونے کی وجہ سے پھلوں سے لدے ایک ہزار سے زائد ٹرک ہائی وے پر پھنسے ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے پھلوں کے کشمیری کاشتکاروں کو بھاری نقصانات کا سامنا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث سرینگر جموں ہائی وے ضلع اودھمپور میں جکھینی اور چنانی کے درمیان لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے گزشتہ ایک ہفتے سے بند ہے ۔

(جاری ہے)

ہائی وے وادی کشمیر کو بیرونی دنیا سے ملانے والا واحد زمینی راستہ ہے ۔شاہراہ کی بندش کی وجہ سے سیب اور ناشپاتی کے کروڑوں روپے مالیت کے ہزاروں ٹرک ہائی وے پر پھنسے ہوئے ہیں اور ان میں لدا پھل خراب ہونے سے کشمیری کاشتکاروں اور تاجروں کو بڑے پیمانے پر مالی نقصان کا سامنا ہے ۔پھلوں کی فصل کو کشمیر ک معیشت میں اہم مقام حاصل ہے اور لینڈ سلائیڈنگ، ناقص دیکھ بھال اوربارش کے باعث اکثر شاہراہ کی بندش کی وجہ سے پھلوں کے کشمیری تاجروں کو بھاری نقصانات کا سامنا کرنا پڑتاہے ۔ پھلوں کی صنعت سے وابستہ ہزاروں کشمیری خاندانوں کاکوئی پرسان حال نہیں اور قابض انتظامیہ نے انہیںحالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات