برمنگھم کانفرنس میں سید علی گیلانی کو شاندار خراج عقیدت پیش

سیدعلی گیلانی نے طویل قید، گھر میں نظر بندی اور بے پناہ مشکلات کے باوجودپنے اصولوں پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا

منگل 2 ستمبر 2025 13:09

برمنگھم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء)تحریک کشمیر برطانیہ کے زیراہتمام بابائے حریت سید علی گیلانی کے یوم شہادت کے موقع پربرمنگھم میں منعقدہ کانفرنس میں انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کانفرنس میں برطانیہ میں کشمیریوں، پاکستانیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور سید علی گیلانی کوبھارتی تسلط سے جموں وکشمیر کی آزادی کیلئے انکے غیر متزلزل عزم اور کشمیر کاز کیلئے انکی گرانقدر خدمات اور قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کیاگیا۔

سابق امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر خالد محمود کانفرنس کے مہمان خصوصی تھے جبکہ تحریک کشمیر برطانیہ کے صدرراجہ فہیم کیانی نے کانفرنس کی صدارت کی۔

(جاری ہے)

کانفرنس کے مقررین میں تحریک کشمیر یور پ کے صدر محمد غالب،تحریک برطانیہ کے نائب صدر مفتی مجید ندیم،سابق لارڈ میئر غضنفر خالق؛ قمر عباس،، انعام الحق، چوہدری شکیل،خواجہ سلیمان،مولانا سرفراز مدنی، حافظ ادریس،ڈاکٹر خرم بشیر، چوہدری اکرام الحق اور دیگر شامل تھے ۔

مقررین نے سید علی گیلانی کو بھارتی تسلط کے خلاف کشمیریوں کی مزاحمت کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ سیدعلی گیلانی نے طویل قید، گھر میں نظر بندی اور بے پناہ مشکلات کے باوجودپنے اصولوں پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے مطالبے پر ثابت قدم رہے۔مقررین نے کہا کہ ان کا نعرہ "ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہی" دنیا بھر میں کشمیریوں کے دلوں میں گونج رہا ہے۔

مقررین نے بیرون ملک مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوںپر زوردیاکہ وہ بین الاقوامی پلیٹ فارمز پرتنازعہ کشمیر کو اجاگر اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور دیگر مظالم کو بے نقاب کر کے سیدعلی گیلانی کے مشن کو آگے بڑھائیں۔تقریب کے اختتام پر تحریک کشمیر برطانیہ کی قیادت نے بھارتی تسلط سے جموں وکشمیر کی آزادی کے سید علی گیلانی کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ۔