سمعیہ ساجد کا پاک فوج کے ہیلی کاپٹر حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس

منگل 2 ستمبر 2025 13:02

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء) مسلم کانفرنس خواتین ونگ کی مرکزی چیئرپرسن اور کشمیر ویمن الرٹ فورم (کواف) کی چیئرپرسن سمعیہ ساجد نے پاک فوج کے ہیلی کاپٹر حادثے میں افسران و جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سانحہ پوری قوم کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن کی حفاظت اور خدمتِ خلق کی راہ میں اپنی جانیں قربان کرنے والے شہداء دراصل پاکستان کے ماتھے کا جھومر ہیں۔

ان کی قربانیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاک فوج ہر مشکل لمحے میں قوم کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج دنیا کی جری اور پیشہ ور فوج ہے، جس نے ہمیشہ وطنِ عزیز کے دفاع، دہشت گردی کے خاتمے اور قدرتی آفات میں عوام کی مدد کر کے اپنی مثال آپ قائم کی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیری عوام پاک فوج کو اپنی ڈھال اور محافظ سمجھتے ہیں، اور ہر شہادت ان کے دلوں میں فوج کے لیے مزید محبت اور عزت بڑھا دیتی ہے۔

سمعیہ ساجد نے کہا کہ شہداء نے اپنے خون سے اس عہد کو تازہ کیا ہے کہ پاکستان اور اس کی افواج ناقابلِ تسخیر ہیں۔ دشمن کی تمام سازشیں اور عزائم پاک فوج کے عزم و حوصلے کے آگے ناکام ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاک فوج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں اور اپنی آزادی کی منزل بھی پاک فوج اور پاکستان کے جھنڈے تلے حاصل کریں گے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے، ان کے اہل خانہ کو صبر و استقامت عطا کرے اور پاک فوج کو ہمیشہ سرخرو اور کامیاب رکھے۔