سردار عتیق احمد خان سے تاجر ایسوسی ایشن دھیرکوٹ کے سینئر رہنماؤں کی ملاقات

منگل 2 ستمبر 2025 18:05

مظفرآباد/دھیرکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء)آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان نے دھیرکوٹ، ارجہ اور چوڑ نڑول کے مختلف دوروں کے دوران کارکنان، عوامی نمائندوں اور تاجران سے ملاقاتیں کیں، مسلم کانفرنس میں نئی شمولیت پر خوشی کا اظہار کیا اور وفات پانے والے رہنماؤں کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

دھیرکوٹ میں سردار عتیق احمد خان سے تاجر ایسوسی ایشن دھیرکوٹ کے سینئر رہنماؤں نے ملاقات کی۔ اس موقع پر تاجر برادری نے اپنے مسائل و تحفظات پیش کیے جنہیں صدر مسلم کانفرنس نے توجہ سے سنا اور حل کی یقین دہانی کرائی۔اسی دوران تاجر ایسوسی ایشن دھیرکوٹ کے جنرل سیکرٹری، نیلہ بٹ سے عوامی دست و بازو کے رہنما اور یوتھ کونسلر یونین کونسل سیسر کلس اقراش خادم نے مسلم کانفرنس میں شمولیت کا اعلان کیا، جس پر سردار عتیق احمد خان نے انہیں ہار پہنا کر خوش آمدید کہا۔

(جاری ہے)

رینگولی دروایہ سے بھی متعدد شخصیات نے مسلم کانفرنس میں شمولیت اختیار کی جن میں محمد رزاق خان، راجہ عبدالقیوم خان، راجہ محمد الطاف خان، راجہ محمد اشراف خان (ریٹائرڈ محکمہ تعلیم) اور راجہ محمد خوشحال خان شامل ہیں۔ صدر مسلم کانفرنس نے تمام نئے شامل ہونے والوں کو ہار پہنا کر پارٹی میں خوش آمدید کہا اور کہا کہ مسلم کانفرنس عوامی خدمت کا مشن جاری رکھے گی۔

بعد ازاں سردار عتیق احمد خان ارجہ پہنچے جہاں انہوں نے محمد فیاض جنجوعہ کی اہلیہ کے انتقال پر ان کے اہلخانہ سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔چوڑ نڑول کے دورے کے دوران مسلم کانفرنس کے کارکنان نے صدر مسلم کانفرنس سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سردار عتیق احمد خان نے مرحوم مسلم کانفرنس رہنما سردار صدیق خان اور دیگر کارکنان کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے سینئر رہنما سردار افسر خان کے ہمراہ مرحومین کے اہلخانہ سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔سردار عتیق احمد خان نے ان دوروں کے دوران اپنے خطاب میں کہا کہ مسلم کانفرنس عوام کی حقیقی ترجمان جماعت ہے۔ پارٹی میں نوجوانوں اور باکردار شخصیات کی شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام آج بھی مسلم کانفرنس کو اپنی امیدوں کا مرکز سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے مشکل ترین حالات میں بھی عوامی خدمت کو اپنا مشن بنایا اور مستقبل میں بھی اسی مشن کو جاری رکھیں گے۔ صدرمسلم کانفرنس نے نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ان کو جماعت میں جائز مقام دینگے۔مسلم کانفرنس کارکنان کی محرومیوں کے ازالے کیلئے اپنا کردار ادا کررہی ہے۔ مسلم کانفرنس نے ہمیشہ کارکنوں کو عزت دی ہمارے لیے کارکنان کی عزت سب سے مقدم ہے۔

کسی کو بھی مایوس نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس حال ماضی اور مستقبل کی جماعت ہے مشکل وقت ہر جماعت پر آیا ہے اور وہ کارکن جو مشکل وقت میں بھی جواں مردی کے ساتھ کھڑے رہے وہ جماعت کاقیمتی اثاثہ ہوتے ہیں۔مشکل وقت ہر جماعت پرآتا ہے کارکنان اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں۔ ریاست کے اندر مستقبل ریاستی جماعت کا ہے۔غیر ریاستی جماعتوں نے تحریک آزادی کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔

مسلم کانفرنس تحریک آزادی کشمیر کی داعی جماعت ہے اور نظریہ الحاق پاکستان کی وارث بھی ہے۔مسلم کانفرنس کے دور حکومت میں جو ترقیاتی کام ہوئے ان کا کوئی ثانی نہیں ہے۔مسلم کانفرنس عوامی قوت سے ایک بار پھر برسر اقتدار آئیگی۔مسلم کانفرنس روز اول سے ہی پاکستان اور خطہ کشمیر کی بقاء کیلئے کام کرتے رہی ہے اور کرتی رہے گی۔ اُنھوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس نے ہمیشہ خطے کی جما عت ہونے کا ثبوت دیا ہے نئے شامل ہونے والوں کو مایوس نہیں کرینگے۔