Live Updates

گیس کے نئے سب ریجنل آفس کے قیام سے شہریوں کے مسائل مقامی سطح پر حل ہو سکیں گے ،وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی

منگل 2 ستمبر 2025 18:02

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے منگل کو سوئی گیس کے سب ریجنل آفس راولپنڈی کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس آفس کے قیام کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنا اور شہریوں کے مسائل کا بروقت حل یقینی بنانا ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ماضی میں راولپنڈی کے شہریوں کو گیس کے مسائل کے حل کے لیے سوہان جانا پڑتا تھا جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔

نئے سب ریجنل آفس کے قیام کے بعد اب یہ مسائل مقامی سطح پر ہی حل ہو سکیں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے اس حلقے کے عوام کو فراہم کیے گئے ہیں جو نہ صرف راولپنڈی کی ترقی اور خوشحالی کا نیا باب ہیں بلکہ عوامی خدمت کے عزم کی عکاسی بھی کرتے ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کریں اور سیلاب سے متاثرہ اور بے گھر افراد کی امداد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔محمد حنیف عباسی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت عوامی مسائل کے پائیدار حل کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی تاکہ ایک بہتر، مستحکم اور خوشحال پاکستان کی تعمیر ممکن ہو سکے۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات