امیر جماعت اہل سنت آزاد کشمیر کا حریت چیئرمین سید علی گیلانی کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی، عظیم رہنمائوں کو خراج عقیدت پیش

منگل 2 ستمبر 2025 22:00

چناری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 ستمبر2025ء)امیر جماعت اہل سنت آزاد کشمیر علامہ سید محمد اسحاق نقوی نے مدرسہ سید نا ابوتراب تعلیم القرآن گوجر بانڈی میں عظیم کشمیری رہنماؤں صاحبزادہ محمد اسحاق ظفر اور حریت چیئرمین سید علی گیلانی کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی کروائی، اس موقع پر عظیم رہنمائوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے اعلامیہ میں علامہ سید محمد اسحاق نقوی نے کہا کہ صاحبزادہ محمد اسحاق ظفر ایک درویش صفت اور عہد ساز رہنما تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی اصول پسندی، عوامی خدمت اور جدوجہدِ آزادی کشمیر کے لیے وقف کی صاحبزادہ اسحاق ظفرؒ کا دل عشق رسول ﷺ سے سرشار تھا۔

وہ ہٹیاں بالا اور گوجر بانڈی تا چناری میلاد النبی ﷺ کے جلوسوں میں باقاعدگی سے شریک ہوتے، محافل نعت میں شرکت کرتے اور اپنی تقاریر میں ختم نبوت اور ناموسِ رسالت کے تحفظ کو اپنا ایمان قرار دیتے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مرحوم نہ صرف ایوانِ سیاست کے درخشندہ ستارے تھے بلکہ غریبوں اور محروم طبقات کی آواز بھی تھے۔ ان کی سیاست کا مقصد عوامی خدمت اور دکھی دلوں کا سہارا بننا تھا۔

یہی وجہ تھی کہ انتخابی میدان ہو یا عوامی اجتماع، ان کی زبان خلقِ خدا کی ترجمان سمجھی جاتی تھی۔علامہ اسحاق نقوی نے کہا کہ عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر اجاگر کرنا ہو یا مقامی سطح پر غریبوں کے دکھ درد بانٹنا، صاحبزادہ اسحاق ظفرؒ نے ہر محاذ پر بے مثال جدوجہد کی۔ وہ اپنی نرم گفتاری، شرافت اور درویشانہ طرزِ عمل کی وجہ سے ہر طبقے میں یکساں احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے، علامہ سید محمد اسحاق نقوی نے سید علی گیلانیؒ کی برسی کے موقع پر اپنے اعلامیہ میں کہا کہ سید علی گیلانی کا نام حریت کی تاریخ میں ایک سنہری باب ہے، جنہوں نے ظلم و جبر کے اندھیروں میں امید کا چراغ جلایا اور پوری زندگی کلمہ? حق بلند کرتے ہوئے گزار دی۔

امیر جماعت اہل سنت علامہ سید محمد اسحاق نقوی نے کہا کہ سید علی گیلانیؒ کا وجود کشمیری عوام کے لیے عزم، استقلال اور قربانی کی روشن مثال تھا۔ انہوں نے جیلوں کی صعوبتیں برداشت کیں مگر اپنے موقف سے کبھی پیچھے نہ ہٹے۔ ان کی زبان سے نکلے ہوئے الفاظ آج بھی کشمیری عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں اور آزادی کی جدوجہد کرنے والوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

ان کے ہر خطاب میں ایمان، غیرت، اور حریت کی گونج سنائی دیتی تھی۔ وہ مظلوم کشمیریوں کی آواز تھے، جنہوں نے دنیا کے ہر فورم پر بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا اور غلامی کے ہر انداز کو ٹھکرا دیا سید علی گیلانیؒ کا یہ نعرہ ''ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہی'' کشمیری عوام کے دلوں میں آج بھی زندہ ہے اور ہمیشہ زندہ رہے گا۔ ان کی جدوجہد تاریخ میں امر ہو چکی ہے اور ان کا نام تحریک آزادی کشمیر کے ساتھ ہمیشہ جڑا رہے گا۔ہم دعاگو ہیں اللہ تعالیٰ مرحوم صاحبزادہ محمد اسحاق ظفر اور مرحوم سید علی گیلانی کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور کشمیری سیاستدانوں کو ان کے کردار و اوصاف اپنانے کی توفیق عطا کرے۔