حیسکو چیف کا سائٹ ایریا کا دورہ، صنعتوں کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کی یقین دہانی

منگل 2 ستمبر 2025 20:10

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) حیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فیض اللہ ڈاہری نے کہا ہے کہ سائٹ حیدرآباد کی صنعتیں حیسکو کے ویلیوڈ کسٹمرز ہیں اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے، حیسکو ریجن کے لیے 350 نئی گاڑیاں منگوائی گئی ہیں جن میں سے ایک علیحدہ مینٹیننس گاڑی اور مستند عملے پر مشتمل ٹیم سائٹ ایریا کے لیے مختص کی گئی ہے جو 24 گھنٹے بجلی کے مسائل حل کرنے کے لیے موجود رہے گی۔

یہ بات انہوں نے سائٹ ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین زبیر گھانگھرا کی دعوت پر دورہ اور صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد سائٹ کے فیڈرز کو بتدریج لوڈشیڈنگ فری کیا جا رہا ہے تاکہ صنعتوں کو بلا تعطل بجلی فراہم ہو سکے۔

(جاری ہے)

فیض اللہ ڈاہری نے کہا کہ ہر فیڈر کی ذمہ داری ایک لائن سپرنٹنڈنٹ اور اس کی ٹیم کو دی گئی ہے جو مکمل جوابدہ ہوں گے اور ان کی کارکردگی کسٹمرز کے اطمینان کی بنیاد پر جانچی جائے گی۔

انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ صنعتکاروں کے بجلی میٹرز کی تبدیلی فوری طور پر مکمل کی جائے، بصورت دیگر غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس موقع پر چیئرمین سائٹ ایسوسی ایشن زبیر گھانگھرا نے کہا کہ سائٹ ایریا ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، مگر بجلی کی فراہمی اور لوڈ مینجمنٹ سب سے بڑا چیلنج ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فیڈرز کی بائی فریکیشن، وولٹیج کے استحکام اور ٹرپنگ کے خاتمے پر توجہ دی جائے جبکہ اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب اور پرانے انفراسٹرکچر کی تبدیلی کو تیز کیا جائے۔تقریب میں ایسوسی ایشن کے عہدیداران، صنعتکاروں اور حیسکو کے اعلیٰ افسران بڑی تعداد میں شریک تھے۔