جنوبی کوریا کی معیشت میں توقع سے زیادہ تیز شرح نمو ریکارڈ

بدھ 3 ستمبر 2025 12:20

سیئول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) جنوبی کوریا کی معیشت نے سال 2025 کی دوسری سہ ماہی میں توقع سے زیادہ تیز رفتار نمو ریکارڈ کی جس کی بڑی وجہ برآمدات میں اضافہ اور نجی کھپت میں بہتری ہے۔ بینک آف کوریا کے مطابق اپریل تا جون سہ ماہی میں ملک کی حقیقی مجموعی قومی پیداوار پچھلی سہ ماہی کے مقابلے میں 0.7 فیصد بڑھی جو ابتدائی اندازے سے 0.1 فیصد زیادہ ہے۔

مرکزی بینک نے وضاحت کی کہ حتمی اعداد و شمار میں جون کی بہتر کارکردگی شامل ہونے سے برآمدات، تعمیراتی سرمایہ کاری اور ملکیت دانش کی مصنوعات کی سرمایہ کاری میں توقع سے زیادہ اضافہ سامنے آیا تاہم سہولتی سرمایہ کاری میں کمی واقع ہوئی۔رپورٹ کے مطابق پہلی سہ ماہی میں 0.2 فیصد کا سکڑاؤ سیاسی بحران اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی وسیع تجارتی پابندیوں کے اثرات کے باعث آیا تاہم سیاسی استحکام کے بعد نجی کھپت بحال ہوئی اور سیمی کنڈکٹر برآمدات کی بدولت برآمدات توقعات سے زیادہ رہیں۔

(جاری ہے)

اعداد و شمار کے مطابق سیمی کنڈکٹر اور پیٹروکیمیکل مصنوعات کی عالمی طلب میں اضافے کی وجہ سے برآمدات سہ ماہی بنیاد پر 4.5 فیصد بڑھیں،نجی اخراجات میں 0.5 فیصد اضافہ ہوا،سرکاری اخراجات میں 1.2 فیصد اضافہ ہواتاہم سہولتی سرمایہ کاری میں 2.1 فیصد اور تعمیراتی سرمایہ کاری میں 1.2 فیصد کمی واقع ہوئی۔بینک آف کوریا کے عہدیدار کم ہوا یونگ نے بریفنگ میں کہاکہ ملکی طلب حکومت کے اضافی بجٹ اور بہتر صارفین کے اعتماد کی بدولت بتدریج بحالی کی طرف بڑھنے کی توقع ہے تاہم امریکی ٹیرف کے اثرات مزید بڑھ سکتے ہیں۔ کم نے کہا کہ اگر معیشت دوسری ششماہی میں ہر سہ ماہی اوسطاً 0.6 فیصد بڑھی تو سالانہ ہدف 0.9 فیصد حاصل ہو جائے گا۔