عراق کی آڑمیں تیل اسمگل کرنے والے ایرانی نیٹ ورک پر امریکی اقتصادی پابندیاں

معروف کاروباری شخصیت اور اس کی کمپنیوں اور جہازوں کے نیٹ ورک پر پابندیاں لگائی ہیں،محکمہ خزانہ

بدھ 3 ستمبر 2025 14:25

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء)امریکی محکمہ خزانہ نے ایران سے متعلق نئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔ جاری بیان میں بتایا گیا کہ غیر ملکی اثاثہ جات کنٹرول آفس نے ایک معروف کاروباری شخصیت اور اس کی کمپنیوں اور جہازوں کے نیٹ ورک پر پابندیاں لگائی ہیں، جو ایرانی تیل کو عراقی تیل ظاہر کر کے امریکی پابندیوں سے بچنے کی کوشش کرتے تھے۔

(جاری ہے)

محکمہ خزانہ کے مطابق اس نیٹ ورک کے ذریعے تہران کو سالانہ 30 کروڑ ڈالر سے زائد کی آمدنی حاصل ہو رہی تھی۔بیان میں کہا گیا کہ واشنگٹن نے یہ فیصلہ ایرانی حکومت کو مالی وسائل سے محروم کرنے کے لیے کیا ہے، کیونکہ اس کا رویہ عراق، مشرق وسطی اور دنیا بھر میں تخریبی اور عدم استحکام پھیلانے والا ہے۔ان پابندیوں میں ولید السامرائی نامی کاروباری شخصیت اور اس کا نیٹ ورک شامل ہے، جو عراقی اور سینٹ کٹس و نیویس کی شہریت رکھتا ہے۔ اس پر الزام ہے کہ وہ ایرانی تیل کو عراقی تیل ظاہر کر کے اسمگلنگ میں ملوث رہا۔