کوئٹہ دھماکے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا، اموات 14 ہوگئیں، بی این پی کا 3 روزہ سوگ

بدھ 3 ستمبر 2025 15:15

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء)بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں شاہوانی اسٹیڈیم کے باہر بلوچستان نیشنل پارٹی ( بی این پی) مینگل کی ریلی میں دھماکے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیاجس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہوگئی، 29 زخمی افراد سول ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ہسپتال حکام کی جانب سے کہا گیا کہ زخمیوں کے تفصیلی معائنے کے بعد شدید زخمیوں کو کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب دھماکے کے خلاف اختر مینگل کے آبائی علاقے وڈھ میں شٹرڈاؤن ہڑتال رہی۔بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کی جانب سے 3 روزہ سوگ کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔بلوچستان بارکونسل، ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی کال پر صوبے میں وکلا کی جانب سے عدالتی امور کا بائیکاٹ کیاگیا۔قبل ازیں، محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئی تھیں اور زخمیوں کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔بیان میں کہا گیا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔