اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں ’’دفاع وطن ،بقائے وطن اور پرعزم و پراعتمادپاکستانی ‘‘کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد

بدھ 3 ستمبر 2025 17:00

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) یوم دفاع کے حوالے سے ’’دفاع وطن ،بقائے وطن اور پرعزم و پراعتمادپاکستانی‘‘ کے عنوان سے غلام محمد گھوٹوی ہال اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں سیمینار منعقد ہوا۔ اس موقع پر سٹیشن کمانڈر بہاولپور گیریژن بریگیڈیئر غضنفر اقبال مہمان خصوصی تھے اور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران وائس چانسلر نے صدارت کی۔

اس موقع پر شہداء کے خاندان شہید کیپٹن سہیل اکبر کے والد اکبر بھٹی اور بھائی ،شہید کیپٹن حسان عابد کے والد ڈاکٹر محمد عابد اور شہید کیپٹن محمد آصف کے بھائی محمد عارف بطور مہمانان اعزاز تقریب میں شریک ہوئے۔ تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن ڈین فیکلٹی آف عربیک اینڈ اسلامک سٹڈیز نے معرکہ حق بنیان مرصوص اور ڈاکٹر روبینہ یاسمین چیئرپرسن شعبہ مطالعہ پاکستان نے پرعزم پر اعتماد پاکستانی کے مضوع پر خصوصی لیکچر دیا۔

(جاری ہے)

شہید کیپٹن سہیل اکبر کے والد اکبر بھٹی اور شہید کیپٹن محمد آصف کےبھائی محمد عارف نے اظہار خیال کیا اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی جانب سے تقریب کے انعقاد کو سراہا۔ اس موقع پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پرفارمنگ آرٹ سوسائٹی کے طلباو طالبات نے ملی نغمے پیش کیے۔ تقریب میں ڈین فیکلٹی آف فزیکل اینڈ میتھمیٹیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر غلام مصطفیٰ، رجسٹرار محمد شجیع الرحمن ، خزانہ دار طارق محمود شیخ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ڈاکٹر شہزاد احمد خالد طلباو طالبات اور ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔