Live Updates

کالا باغ ڈیم ملک کے لیے خطرناک اور ناقابل قبول منصوبہ ہے،علامہ راشد محمود سومرو

بدھ 3 ستمبر 2025 22:18

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 ستمبر2025ء)جمعیت علماء اسلام سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم ملک کے لیے خطرناک اور ناقابل قبول منصوبہ ہے، تین صوبوں کی جانب سے مسترد شدہ کالا باغ ڈیم منصوبے کو دوبارہ چھیڑنا ملکی وحدت اور وفاق کی کمزوری کا باعث بنے گا، انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم جغرافیائی، سیاسی، ماحولیاتی اور معاشرتی اعتبار سے ناقابل عمل اور ناقابل قبول قرار دیا جا چکا ہے اس پر دوبارہ بحث چھیڑنا مردہ گھوڑے کو سانس دینے کے مترادف ہے انہوں نے واضح کیا کہ یہ منصوبہ قومی وحدت کو نقصان پہنچا کر چھوٹے صوبوں کے احساس محرومی میں اضافہ کرے گا۔

(جاری ہے)

جے یو آئی سندھ کے پریس سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری کی جانب سے جاری بیان کے مطابق علامہ سومرو نے مزید کہا کہ ایک طرف سندھ کے گڑھی خیرو، کوریجا شاخ، بیگاری، چنڈ شاخ کے آخری حصوں اور ناوڑا جیسے علاقوں میں کھڑی فصلوں کو پانی فراہم نہیں کیا جارہا جبکہ دوسری طرف ڈیم کے حق میں پروپیگنڈہ عوام کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے، انہوں نے کہا کہ ڈیمز کے ذریعے سیلابی پانی کو روکنے کا تصور ناکام ثابت ہوچکا ہے اس کے بجائے برساتی پانی کے ذخائر قائم کرنے، نہروں کی بحالی، جنگلات کے فروغ اور دریاؤں کے قدرتی بہاؤ کو برقرار رکھنے کے لیے جدید واٹر مینجمنٹ سسٹم تشکیل دینا وقت کی ضرورت ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات