Live Updates

سول ہسپتال حیدرآباد و جامشورو میں سیلاب کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ، عملے کی چھٹیاں منسوخ

بدھ 3 ستمبر 2025 20:10

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) سول ہسپتال حیدرآباد و جامشورو کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر علی اکبر ڈاہری نے سندھ میں آنے والے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر متاثرہ افراد کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیےہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔ ڈاکٹر علی اکبر ڈاہری نے انتظامی افسران، ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اور نرسنگ اسٹاف کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہمہ وقت الرٹ رہیں اور متاثرہ مریضوں کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی آبی جارحیت کے نتیجے میں خیبرپختونخوا اور پنجاب میں آنے والے سیلابی پانی نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے اور اب یہی پانی تیزی سے سندھ کی جانب بڑھ رہا ہے، جس سے مختلف اضلاع میں ڈائریا، ملیریا، ڈینگی، گیسٹرو اور دیگر وبائی امراض پھوٹنے کے خدشات ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال حیدرآباد و جامشورو صوبے کا دوسرا بڑا سرکاری اسپتال ہے، جو 15 سے زائد اضلاع کے مریضوں کو نہ صرف طبی سہولتیں فراہم کرتا ہے بلکہ آپریشنز، پیتھالوجی و ریڈیالوجی ٹیسٹ اور مفت ادویات کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے۔

سیلابی صورتحال کے بعد مریضوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر ہسپتال آنے والے تمام مریضوں کو ہر ممکن علاج فراہم کیا جائے گا۔ڈاکٹر ڈاہری نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت اور وزیر صحت کی خصوصی ہدایت کے مطابق سول ہسپتال میں 24 گھنٹے مریضوں کی خدمت جاری ہے اور آئندہ دنوں میں سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات