Live Updates

ماہِ ربیع الاول فضیلت اور برکات کا مقدس مہینہ ہے،بلال سلیم قادری

بدھ 3 ستمبر 2025 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء)ماہِ ربیع الاول فضیلت اور برکات کا مقدس مہینہ ہے۔اس ماہ میں دنیا سے جہالت کے اندھیرے چھٹے اور دنیا پرنور ہو گئی۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری شامی نے سیرت النبی سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ شب عید میلاد النبی میں اللہ تعالی نے تمام مخلوقات پر اپنا فضل و کرم فرمایا ہے۔

ماہ مقدس میں مساکین کا احساس میلاد شریف جلسے منعقد کرنا اور کثرت سے صلوات پڑھنے کا بڑا ثواب ہے۔حصول عبادات کی کثرت صدقات و خیرات انسان کی زندگی کو سنوار دیتے ہیں۔میلاد پاک کرنا اور اس میں شرکت کرنا ایمان کی علامت ہے اور میلاد پاک کا ثبوت احادیث شریفہ اور اقوال بزرگانِ دین سے ملتا ہے۔

(جاری ہے)

بلال سلیم قادری کا مزید کہنا تھا کہ میلاد شریف اور سیرت النبی کے جلسے کی حقیقت یہ ہے کہ ہم اللہ پاک سے اپنے گناہوں کی بخشش حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو وسیلہ بنا کر مانگتے ہیں۔

میلاد کی محفل میں سب محبت رسول صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم سے سر شار ہوں اور صحیح العقیدہ علما یا کوئی بھی عالم دین مسلمانوں کے سامنے حضور سراپا نور شافع یوم النشور صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی ولادت مبارک آپ کے معجزات آپ کے اخلاق کریمہ، فضائل اور مناقب صحیح روایات کے ساتھ بیان کرے اور آخر میں بار گاہِ رسالت میں درود و سلام با ادب کھڑے ہو کر پیش کریں۔

حضوراکرم ﷺ کا ذکر مبارک ایک اعلی ترین عبادت ہے، بلکہ روحِ ایمان ہے۔آپ ﷺ کی ایک ایک ادا اور ایک ایک حرکت و سکون امت کے لیے ہدایت ہے اور اس کا سیکھنا سکھانا،اس کا مذاکرہ کرنا اور دعوت دینا امت کا فرض ہے۔آپ ﷺ کے ہر امتی کی صورت وسیرت،چال ڈھال،رفتارو گفتار،اخلاق و کردار آپ ﷺ کی سیرت طیبہ کی تصویر بن جائے اور دیکھنے والے کو نظرآئے کہ یہ محمدرسول اللہﷺ کا غلام ہے۔جہاں بھی موقع ملے آپﷺ کے ذکر ِخیر سے ہرمجلس و محفل کو معطر کیا جائے۔آپ ﷺ کے فضائل و کمالات اور آپﷺ کے بابرکت اعمال اور طریقوں کا تذکرہ کیاجائے۔پوری پاکستانی قوم سے اپیل ہے کہ ماہ مقدس میں اپنی دعاں میں سیلاب کے متاثرین کے لیے بھی دعا کریں اور فلسطین کے مسلمانوں کو بھی اپنی دعاں میں یاد رکھیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات